Dawn News Television

شائع 08 فروری 2016 07:43pm

ایک میل لمبی جاپانی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ

دنیا کی بلند ترین عمارت دبئی کی برج الخلیفہ ہے مگر تصور کریں ایسی بلڈنگ کا جو اس سے بھی دوگنا زیادہ لمبی ہو؟

جی ہاں برج الخلیفہ سے دوگنا بلند یا ایک میل لمبی عمارت کی تیاری کا اعلان کیا گیا ہے جو جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں تعمیر ہوگی۔

5577 فٹ لمبی اس عمارت کو جاپانی دارالحکومت کی ایک کھاڑی ٹوکیو بے میں تعمیر کیا جائے گا جس میں 55 ہزار افراد رہائش اختیار کرسکیں گے۔

اگر اس منصوبے کو حکومتی منظوری مل گئی تو اسکائی میل ٹاور نامی یہ عمارت انسانی ہاتھوں سے تیار کردہ ہیکساگونل یا مسدس شکل کے جزیروں سے گھری ہوئی ہوگی۔

یہ جزائر ٹوکیو کو سیلاب سے تحفظ دینے کے لیے تعمیر کیے جائیں گے اور یہاں پانچ لاکھ کے لگ بھگ افراد رہ سکیں گے۔

ایک میل لمبی یہ عمارت 2045 تک مکمل ہوگی جس کا ڈیزائن کوہن پیڈرسین فوکس اور انجنیئرنگ فرم لیزلی ای رابرٹ سن نے تعمیر کیا ہے۔

اس عمارت کے ڈیزائن میں خیال کیا گیا ہے کہ ہوا سے پانی فلٹر کرکے ذخیرہ کیا جاسکے تاکہ اوپری منزلوں پر پانی پہنچانے کی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

خیال رہے کہ اس وقت جدہ میں بھی دنیا کی بلند ترین عمارت تعمیر ہے جو جلد مکمل ہوجائے گی جبکہ عراق کے شہر بصرہ میں بھی 2025 تک برج الخلیفہ اور جدہ ٹاور سے بلند عمارت تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بشکریہ انڈیپینڈنٹ


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments