دنیا

نائیجیریا : 2 خواتین کے خودکش حملے ، 60 افراد ہلاک

خودکش حملےمیڈوگوری شہرمیں شدت پسندی کے باعث نقل مکانی کرنےوالے افرادکے کیمپ ہر کیے گئے، حملوں میں 78افراد زخمی بھی ہوئے

میڈوگوری: افریقی ملک نائیجیریا میں یکے بعد دیگرے دو خودکش حملوں میں 60 افراد ہلاک اور 78 زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق خودکش حملے نائیجیریا کے شہر میڈوگوری میں مہاجرین کے کیمپ پر کیے گئے۔

فوجی حکام اور امدادی کارکنوں کا کہنا تھا کہ دو خواتین خودکش حملہ آوروں نے میڈوگوری کے شمال مشرقی ٹاؤن ڈیکوا میں شدت پسندی کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد (آئی ڈی پیز) کے کیمپ کے عین درمیان خود کو دھماکوں سے اڑا لیا۔

یہ بھی پڑھیں : نائیجیریا: مارکیٹ میں دھماکا، 30 افراد ہلاک

اسٹیٹ ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ خودکش حملوں میں 78 افراد زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

حملے کی ذمہ داری اب تک کسی شدت پسند تنظیم نے قبول نہیں کی، تاہم حکام کے مطابق بظاہر یہ حملہ شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی کارروائی لگتا ہے کیونکہ یہ تنظیم اس سے قبل بھی خواتین کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔

مزید پڑھیں : نائیجیریا: مسجد میں بم دھماکا، 26 افراد ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران شدت پسند تنظیم کے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

31 جنوری کو بھی میڈوگوری کے باہر دہشت گرد حملے میں 65 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

بوکو حرام نے پہلی بار آئی ڈی پیز کے کیمپ کو گزشتہ سال ستمبر میں یولا شہر میں نشانہ بنایا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔