Dawn News Television

شائع 17 فروری 2016 07:13pm

گردے یا مثانے کے کینسر کی سب سے بڑی علامت

کینسر ایسا مرض ہے جو خاموشی سے کسی کو شکار بنالیتا ہے اور بروقت اس کی تشخیص نہ ہو تو علاج لگ بھگ ناممکن ہوجاتا ہے۔

مگر کچھ علامات ایسی ہوتی ہیں جو کسی مخصوص قسم کے کینسر کی ابتدائی مراحل پر ہی نشاندہی کرسکتی ہیں۔

اور یہی بات برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق یا طبی مہم میں سامنے آئی ہے جس میں گردوں اور مثانے کے کینسر کی سب سے بڑی علامت کے بارے میں لوگوں کو بتایا گیا ہے۔

پبلک ہیلتھ انگلینڈ نامی اس مہم میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ اگر پیشاب میں خون نظر آئے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں چاہے وہ ایک دفعہ ہی کیوں نہ نظر آئے۔

خواتین کو خاص طور پر خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اس چیز پر خاص توجہ دیں۔

صرف برطانیہ میں ہر سال ان 2 اقسام کے کینسر کے ساڑھے 17 ہزار مریض سامنے آتے ہیں جن میں سے 7600 ہلاک ہوجاتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس علامت کی مدد سے اگر ابتدائی مرحلے میں ہی گردے یا مثانے کے کینسر کی تشخیص ہوجائے تو موت کے خطرے کو بڑی حد تک کم کیا جاسکتا ہے جبکہ آخری مرحلے میں مرض سامنے آنے کے بعد بچنے کا امکان 10 فیصد سے بھی کم ہوتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ پیشاب میں خون کے ساتھ ساتھ گردے کے کینسر کی علامات میں ایک پہلو یا پسلی میں درد ہوتا ہے جو ختم نہیں ہوتا جبکہ بغیر کسی وجہ کے وزن بھی کم ہوتا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments