اوباما کے جانے پر امریکی بچی غم سے نڈھال
امریکی صدر براک اوباما رواں برس نومبر میں صدارت کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہیں، ان کے جانے پر اور کوئی پریشان ہو یا نہ ہو، لیکن ایک امریکی بچی نہایت پریشان ہے اور اس کے رونے چلانے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے.
رواں ماہ 16 فروری کو کیپرینا ہیرس نامی ایک امریکی خاتون نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اپنی پوتی کی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ براک اوباما کے 'جانے' کی خبر سن کر بے اختیار رونا شروع کردیتی ہے.
ویڈیو میں کیپرینا اپنی پوتی سے پوچھتی ہیں کہ وہ کیوں رو رہی ہے؟
جس پر بچی روتے ہوئے جواب دیتی ہے کہ 'صدر اوباما جانے والے ہیں'.
کیپرینا اسے بتاتی ہیں کہ براک اوباما کی صدارتی مدت ختم ہوجائے گی، جس کے بعد امریکا کے نئے صدر منتخب کیے جائیں گے لیکن بچی کا 'غم' کم نہیں ہوتا اور وہ بدستور روتی رہتی ہے.
ویڈیو کا وائٹ ہاؤس نے بھی نوٹس لیا اور مذکورہ پوسٹ پر کمنٹ کرنے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے ایک ٹوئیٹ بھی کی.
براک اوباما نے کیپرینا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'بچی کو بتائیں کہ وہ اپنے آنسو صاف کرلے، کیونکہ میں کہیں نہیں جارہا. وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد میں بھی اُسی کی طرح امریکا کا ایک شہری ہوں گا اور جب وہ بڑی ہوگی تو وہ میرے ساتھ کام کرسکتی ہے، اس وقت تک میں اس کے خط کا انتظار کروں گا اور ہم ہمیشہ اپنی سالگرہ ایک ساتھ منایا کریں گے.'
اس ویڈیو کو اب تک 2,940,425 مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جبکہ اسے 9 ہزار 503 مرتبہ شیئر کیا گیا ہے.
*آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔*