امریکی قانون ساز پاکستان کو ایف 16 کی فروخت پر برہم
واشنگٹن: امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کے چیئرمین نے پاکستان کو ایف-16 جنگی طیاروں کی فروخت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے افغانستان میں کردار پر سوالات اٹھائے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ریپبلکن سے تعلق رکھنے والے سینیٹر بوب کورکر نے سیکٹری آف اسٹیٹ جان کیری کو سالانہ بجٹ کی درخواست پر کہا کہ 'وہ مستقل طالبان اورحقانی نیٹ ورک کی حمایت اور القاعدہ کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کررہے ہیں'۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو F-16 کی فروخت پر ہندوستان کا احتجاج
خیال رہے کہ امریکی حکومت نے 12 فروری کو اعلان کیا تھا کہ انھوں نے پاکستان کو آٹھ ایف -16 جنگی طیارے، ریڈار اور دیگر آلات کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مالیت 69 کروڑ 9 لاکھ ڈالر ہے۔
واضح رہے کہ امریکی قانون سازوں کو اس فروخت کو روکنے کے لیے 30 دن دیئے گئے تھے، جس پر بوب کورکر نے یہ واضح کردیا ہے کہ وہ اس حوالے سے شکوک وشبہات کا شکار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'ہندوستان کو F-16 طیاروں پر تشویش نہیں ہونی چاہیے'
جان کیری نے سینیٹر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے اور یہ بھی کہ پاکستان ہمارا اتحادی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ 'میں اس حوالے سے آپ کے تحفظات سمجھ سکتا ہوں لیکن ان (پاکستان) کی فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے'۔
یہ خبر 24 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی.
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔