ورلڈ ٹی ٹوئنٹی: جن کی کمی شدت سے محسوس ہوگی
سال 2016ء میں دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہندوستان کے میدانوں پر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی صورت میں سج چکا ہے۔ دنیا کے تمام بہترین کھلاڑیوں کو ایک جگہ پر کھیلتے دیکھنے کے مواقع نادر ہوتے ہیں اور سالوں میں جا کر میسر آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ پرستاروں کے ساتھ ساتھ خود کھلاڑی بھی ان مواقعوں کا شدت سے انتظار کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو زیادہ بڑے پیمانے پر دکھا سکیں۔ اب جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی پہلے مرحلے کے ساتھ شروع ہوچکا ہے، چند کھلاڑی ایسے بھی ہیں کہ جو مختلف وجوہات کی بنیاد پر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیل پائیں گے۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جن کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء میں کمی شدت کے ساتھ محسوس ہوگی۔
برینڈن میک کولم
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بے تاج بادشاہ، نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم نے عجیب ہی فیصلہ کیا۔ انہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے عین قبل بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ کر سب کو حیران کردیا۔ وہ اب بھی کافی کرکٹ کھیل سکتے تھے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آخری ٹیسٹ میں بھی انہوں نے تیز ترین سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔