شاہ رخ کو دیکھ کر رنویر سنگھ 'بے ہوش'
ایک ایسے وقت میں جبکہ شاہ رخ خان کے مداح ان کی آنے والی فلم 'فین' کے ٹائٹل سونگ 'جبرا فین' کے دیوانے ہیں اور شاہ رخ سے اپنی محبت کے اظہار کے لیے مختلف ویڈیوز بھی بنا رہے ہیں، رنویر سنگھ بھلا کیسے پیچھے رہ سکتے تھے.
رنوریر نے بھی ایک دلچسپ ڈب میش ویڈیو بناڈالی، جس میں وہ فلم 'فین' کے گانے 'جبرا فین' پر ڈانس کرتے ہوئے نظر آئے.
ادیتیہ چوپڑہ کی فلم 'بے فکرے' کی شوٹنگ کے دوران جب رنویر 'فین' کے پوسٹر کے سامنے یہ 'کارنامہ' سرانجام دے رہے تھے تو اسی وقت وہاں شاہ رخ بھی آن پہنچے اور رنویر کو دیکھ کر پہلے تو حیران ہوئے اور پھر 'کِسے پرواہ ہے' کے تاثرات کے ساتھ سامنے سے گزر گئے، جبکہ شاہ رخ کو دیکھ کر رنویر انتہائی 'ڈرامائی' انداز میں فرش پر گر کر 'بے ہوش' ہوگئے۔
اس ڈب میش ویڈیو کو دیکھ کر اور کوئی 'فین' ہو یا نہ ہو، ہم رنویر کی اداکاری کے 'فین' ضرور ہوگئے ہیں۔
لیکن اس کے بعد شاہ رخ نے بھی ٹوئٹر کا سہارا لیا اور رنویر کا مذاق اڑاتے ہوئے لکھا، 'منیش بھی کیسے کیسے ہیروز کو چانس دیتا ہے، جبرا بینڈ باجے والے!'
'جبرا فین 'کو ’فین ترانہ‘ کہا گیا ہے جسے ریلیز کے بعد سے اب تک یو ٹیوب پر متعدد بار سنا جا چکا ہے، جبکہ فلم کے پروڈیوسر ادیتیہ چوپڑا اور شاہ رخ خان اپنے اس گانے کو چھ زبانوں میں ریکارڈ کرنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں:شاہ رخ کی فلم ’فین‘ کےگانےکی 6 زبانوں میں ریکارڈنگ
رپورٹس کے مطابق اس گانے کو تامل، بنگالی، گجراتی، پنجابی، مراٹھی اور بھوج پوری میں ریکارڈ کیا جائے گا اور ہر زبان کا مقبول گلوکار اس گانے کو گائے گا۔
اس گانے کا ہندی ورژن گلوکار نقاش عزیز نے گایا ہے جبکہ ویشال اور شیکھر نے اس کی موسیقی ترتیب دی ہے.
ہدایت کار منیش شرما کی اس فلم میں شاہ رخ خان ڈبل کردار کرتے نظر آئیں گے جس میں ایک 'سپر اسٹار' اور دوسرا ان کے 'فین' کا کردار ہوگا۔
فلم ’فین‘ رواں سال 15 اپریل کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔