Dawn News Television

شائع 03 مئ 2016 09:01am

ایف 16 طیارے:’پاکستان کو خود فنڈز دینے ہوں گے‘

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے ایف 16 طیاروں کی خریداری کے لیے امداد دینے سے واضح طور پر انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان طیارے خریدنا چاہتا ہے کہ تو اسے اپنے فنڈز سے ہی اس کی ادائیگی کرنا پڑے گی۔

قبل ازیں پاکستان اور امریکا کے درمیان 8 ایف سولہ طیاروں کا معاہدہ ہوا تھا، جس کے مطابق پاکستان کو 27 کروڑ ڈالر ادا کرنے تھے، جبکہ بقیہ رقم امریکا فارن ملٹری فنانسنگ (ایف ایم ایف) فنڈز سے فراہم کرنے والا تھا۔

تاہم گزشتہ ہفتے امریکی کانگریس کے اراکین نے اوباما انتظامیہ پر واضح کردیا تھا کہ وہ معاہدے کے لیے ملکی فنڈز سے کوئی رقم فراہم نہیں کرنے دیں گے۔

کانگریس کی جانب سے مخالفت کے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے فنڈز کی فراہمی روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان طیارے خریدنا چاہتا ہے تو اسے خود ہی فنڈز کا انتظام کرنا ہوگا۔

امریکی حکومت کی جانب سے اس اعلان کے بعد طیاروں کا معاہدہ عملی طور پر ختم ہوتا نظر آرہا ہے، کیونکہ پاکستان کے لیے اتفاق کی گئی رقم سے ڈھائی گنا زائد قیمت پر طیارے خریدنا قدرے مشکل ہے۔

یہ خبر 3 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments