لائف اسٹائل

نوازالدین بھی کانز کے لیے روانہ

یہ کانز میں میرا تیسرا سال ہے اور 'رمن راگھو 2.0' میری 8ویں فلم ہے جو کانز میں جارہی ہے، نوازالدین

بولی وڈ میں ایک کے بعد ایک فلموں سے کامیابی حاصل کرنے والے اداکار نوازالدین صدیقی اپنی ریلیز ہونے والی فلم 'رمن راگھو 2.0' کے لیے کانز فلم فیسٹیول کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔

اس فیسٹیول میں نواز اپنے قریبی دوست اور ڈیزائنر جاس اروڑا کا ڈیزائن کردہ لباس پہنیں گے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق نوازالدین کا اپنے کانز کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا 'یہ کانز میں میرا تیسرا سال ہے اور رمن راگھو 2.0 میری 8ویں فلم ہے جو کانز میں جارہی ہے'۔

کانز میں پہنے جانے والے اپنے لباس کے حوالے سے نواز کا کہنا تھا 'جب میں پہلی بار کانز گیا تھا میں نے ایک لوکل درزی کا بنایا ہوا لباس پہنا، اس بار میں نے سب کچھ ڈیزائنر کے ہاتھوں میں چھوڑا ہے اور مجھے امید ہے وہ وہی ڈیزائن کریں گے جو مجھ پر اچھا لگے'۔

نواز نے کانز کے لیے روانہ ہونے سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو جانے کا پیغام بھی دیا۔

واضح رہے کہ نواز اس وقت کئی فلموں میں کام کر رہے ہیں جن میں 'رئیس'، اور 'علی' شامل ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔