'چیک پوسٹ افغانستان کو دینا غیرآئینی اور غیرقانونی'
اسلام آباد: وزارت داخلہ نے انگور اڈہ چیک پوسٹ افغان حکام کو دیے جانے کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو شکایتی مراسلہ ارسال کردیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئٹ کیا تھا کہ پاک فوج نے پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ پر قائم کی جانے والی سرحدی انتظامات کی چیک پوسٹ کو افغان حکام کے حوالے کردیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے انگور اڈہ کی چیک پوسٹ افغان حکام کے سپرد کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیک پوسٹ دینے سے پہلے مشاورت تو دور کی بات اطلاع تک نہیں دی گئی۔
اس حوالے سے وزارت داخلہ نے چیک پوسٹ دینے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کو احتجاجی مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے میں وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سرحدی امور میں انکی وزارت بھی اسٹیک ہولڈر ہے، جس کی حوالگی کے سلسلے میں آئینی اور قانونی راستہ اختیار نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: سرحدعبورکرنے کا انتظام 'افغان حکام کے حوالے'
واضح رہے کہ انگور اڈہ کی چیک پوسٹ گذشتہ روز پاک افغان سکیورٹی حکام کی ملاقات کے دوران افغانستان کے سپرد کی گئی تھی، اس موقع پر پاک فوج کے ترجمان نے چیک پوسٹ کی حوالگی کی خبر جاری کرتے ہوئے اُمید کا اظہار کیا تھا کہ اس اقدام سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونگے۔
دوسری طرف دفاعی ماہرین نے وزارت داخلہ کی بے خبری کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ماہرین کا کہنا تھا اس اہم پیش رفت سے بےخبری نے وزارت داخلہ کی کارکردگی پرسوالیہ نشان اٹھا دیئے ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔