ہریتھیک کی ’موئن جو دڑو‘ کا شاندار ٹریلر جاری
ممبئی: بولی وڈ اداکار ہریتھیک روشن کی فلم ’موئن جو دڑو‘ کے ٹریلر کا شائقین طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے جسے آخر کار ریلیز کردیا گیا ہے۔
3 منٹ سے زائد دورانیے کے اس ٹریلر میں بہترین ویژول ایفیکٹس، ایکشن مناظر اور رومانس پیش کیا گیا۔
ہریتھیک روشن اور پوجا ہیج نے اس فلم میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، فلم وادی سندھ کی تاریخی تہذیب موئن جو دڑو پر مشتمل ہے جس میں ہریتھیک نے ایک نوجوان کسان ’سرمن‘ کا کردار ادا کیا ہے جو شہر جاکر ایک پنڈت کی بیٹی ’چانی‘ سے ملاقات کرتا ہے۔
سرمن اس دوران چانی، موئن جو دڑو اور اپنے ماضی کے بارے میں کئی رازوں سے پردہ اٹھائے گا۔
کامیاب فلم ’لگان‘ اور ’جودھا اکبر‘ کے ہدایت کار اشوتوش گواریکر نے فلم ’موئن جو دڑو‘ کی ہدایات دی ہیں جبکہ سدھارتھ روئے کپور اور سنیتا گواریکر نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔
اشوتوش کو اس فلم کی تکمیل میں 3 سال لگے جس کی شوٹنگ ممبئی، بھوج، جبل پور اور تھانے میں کی گئی ہے۔
فلم ’موئن جو دڑو‘ رواں سال 12 اگست کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم کا ٹریلر یہاں دیکھیں:
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔