Dawn News Television

شائع 21 جون 2016 11:19pm

دانت کے درد سے نجات کا گھریلو ٹوٹکا

دانتوں کا درد بہت عام ہوتا ہے جو لوگوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے مگر اس کا علاج تو آپ کے کچن میں ہی چھپا ہوا ہے۔

جی ہاں خوشبودار لونگ جسے کھانے کا ذائقہ دوبالا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے مگر یہ دانتوں کے درد سمیت مختلف امراض کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

لونگیں کام کیسے کرتی ہیں؟

لونگ کا مرکزی جز یوجینول (ایک بے رنگ خوشبودار روغنی مرکب) میں سن کردینے اور درد میں کمی لانے جیسی خصوصیات ہوتی ہیں، یہ جز درد کا باعث بننے والے مخصوص ریسپیٹرز کو بلاک کردیتا ہے۔

اس کا اثر 5 منٹ کے اندر شروع ہوتا ہے اور 15 منٹ تک برقرار رہتا ہے۔

ایک تحقیق کے مطابق لونگ کا تیل دانتوں کے درد کے لیے انجیکشن جتنا ہی موثر ثابت ہوتا ہے جبکہ سن کردینے والی خصوصیت کی بناءپر یہ تیل مسوڑوں کے امراض کے خلاف بھی موثر ثابت ہوتا ہے۔

لونگوں کو درد کے خلاف کیسے استعمال کیا جائے؟

سر کے درد کے لیے لونگ کے تیل کی کچھ مقدار کو ہتھیلی پر ڈال کر کنپٹیوں پر مناسب دباﺅ کے ساتھ مالش کریں۔ دانت کے درد کے لیے لونگ کو چبائیں یا اس کے تیل کی ایک بوند کو متاثر حصے میں ڈال دیں۔ اسی طرح آپ لونگ کے تیل کی دو سے تین بوندوں کو دو چائے کے چمچ پانی میں ملا کر اس کی کلیاں کریں۔

احتیاطی تدابیر

لونگ کا تیل اگر ہضم نہ ہو تو نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے جبکہ اس کا جلد پر استعمال خارش کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ لونگ کے تیل کو دوران حمل یا بچوں کو دودہ پلاتے ہوئے استعمال نہیں کرنا چاہئے یا ان اوقات میں طبی ماہر کے مشورے کے مطابق ہی استعمال کریں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments