دنیا

’پاک ۔ ہند مذاکرات کیلئے سازگار ماحول ضروری‘

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ایسے ماحول میں ہونے چاہیئں کہ وہ طویل عرصے تک جاری رہ سکیں،ہندوستانی ہائی کمشنر

اسلام آباد: ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کا کہنا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا عمل دوبارہ بحال کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن اس کے لیے ماحول کا سازگار ہونا ضروری ہے۔

ہندوستانی ہائی کمیشن کے افطار ڈنر کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے گوتم بمباوالے نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ایسے ماحول میں ہونے چاہیئں کہ وہ طویل عرصے تک جاری رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکراتی عمل کا دوبارہ آغاز ہونے والا تھا، لیکن اسی دوران پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کا واقعہ ہوگیا اور مذاکرات کا دوبارہ آغاز نہ ہوسکا، کیونکہ اس واقعے کے بعد مذاکرات کے لیے ماحول سازگار نہیں رہا تھا۔

گوتم بمباوالے کا کہنا تھا کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال 25 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کیا اور اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی، جس کے بعد 15 جنوری سے دونوں ممالک کے درمیان جامع مذاکرات کا آغاز ہونا تھا، لیکن 2 جنوری کو پٹھان کوٹ کے واقعے نے پورے منظر نامے کو تبدیل کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سفارتکار دوطرفہ مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان، پاکستان کے ساتھ تمام مسائل پر بات کرنے کے لیے تیار ہے، اور مذاکراتی عمل کا آغاز ہوتے ہی تمام دوطرفہ مسائل پر بات کی جائے گی۔

ہندوستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہونی چاہیے اور پاکستان اور ہندوستان کو کرکٹ کے علاوہ ایک دوسرے سے ہاکی میچز بھی کھیلنے چاہیے، کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔

قبل ازیں وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ ہندوستان مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر رہا ہے، تاکہ مسئلہ کشمیر پر بات چیت نہ ہوپائے۔

نریندر مودی کے مذاکرات نہ ہونے کا ملبہ پاکستان پر ڈالے جانے کے حوالے سے بیان پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک سے مذاکرات سے پیچھے نہیں بھاگ رہا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان، ہندوستان سے کشمیر، ساچن، سرکریک، اقتصادی تعاون، تجارت اور ویزا پالیسی سمیت تمام مسائل و معاملات پر مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔