لائف اسٹائل

ٹرپل ایکس ٹریلر: ’ صبر کریں اور پھر دیکھیں‘

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی ہولی وڈ ڈیبیو فلم کا حال ہی میں ٹریلر ریلیز ہوا جس میں اداکارہ صرف تین بار نظر آئیں۔

بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی ہولی وڈ ڈیبیو فلم ’ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج‘ کے ٹریلر کا ایک طویل عرصے سے سب کو انتظار تھا تاہم اس ٹریلر میں دپیکا ڈرف چند ہی سیکنڈز کے لیے نظر آئیں جس نے ان کے مداحوں کو مایوس کردیا۔

اس فلم میں دپیکا پڈوکون سرینا نامی ایک شکاری عورت کے کردار میں نظر آئیں گی جو فلم کے مرکزی کردار ون ڈیزل کو ان کے نئے مشن میں مدد دیں گی۔

حال ہی میں اس فلم کا پہلا ٹریلر ریلیز ہوا جس میں دپیکا نہایت دلکش نظر آئیں، ان کے منفرد روپ نے مداحوں کو متاثر تو کیا لیکن ٹریلر میں ان کے صرف تین بار نظر آنے سے کئی مداح مایوس بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: دپیکا کی ہولی وڈ ڈیبیو فلم کا ٹریلر جاری

تاہم دپیکا پڈوکون کا اپنے مداحوں سے کہنا ہے کہ وہ صبر کریں اور پھر دیکھیں۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق دپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ ’ابھی فلم کی ریلیز کو پورے 6 ماہ باقی ہیں، صبر کریں اور پھر دیکھیں، اب سے ہر روز ہم فلم کے لیے ایک نئی مہم کا آغاز کریں گے، اس فلم کی کہانی کا سب سے اہم حصہ ون ڈیزل ہی ہیں لیکن آہستہ آہستہ تمام اداکاروں کو پیش کیا جائے گا‘۔

ڈی جے کروسو کی ہدایت میں بنے والی فلم ’ٹرپل ایکس: دی ریٹرن آف زینڈر کیج اگلے سال 20 جنوری کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔