Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 اگست 2016 04:34pm

پی ٹی آئی کا جاپانی کارٹون سیریز 'ڈورے مون' پر پابندی کا مطالبہ

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے معروف جاپانی کارٹون سیریز ڈورے مون پر پابندی کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی۔

قرار داد میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) پر زور دیا گیا ہے کہ کارٹون چینلز بند کیے جائیں اور خاص طور پر ڈورے مون کارٹون پر فوری پابندی لگائی جائے۔

پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ملک تیمور کی جانب سے جمع کرائی جانے والی قرار داد میں کارٹون چینلز کی نشریات کا دورانیہ کم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرار داد میں اس بات کی نشاندہی نہیں کہ گئی کہ پی ٹی آئی کو کارٹون سیریز ڈورے مون پر کیا اعتراض ہے تاہم اس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کارٹون چینلز کے بچوں پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ 24 گھنٹے چلنے والے کارٹون چینلز بچوں پر منفی اثرات مرتب کررہے ہیں اور ان کی تعلیمی اور جسمانی سرگرمیوں کو متاثر کررہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے اگلے سیشن میں قرار داد پر بحث متوقع ہے۔

تفصیلات پیش کیے بغیر قرار داد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 'کارٹونز میں استعمال کی جانے والی زبان ہماری معاشرتی اقدار کو تباہ کررہی ہے'۔

پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع ہوتے ہی پاکستان میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر پی ٹی آئی بمقابلہ ڈورے مون کا ہیش ٹیگ ٹرینڈز میں پہلے نمبر پر آگیا۔

واضح رہے کہ ڈورے مون کی کہانی ایک روبوٹک بلی جس کا نام ڈورے مون ہوتا ہے اس کے گرد گھومتی ہے جوایک بچے کی مدد کرنے کیلئے 22 ویں صدی سے ماضی میں پہنچ جاتی ہے۔


Read Comments