پاکستان

'پاک-اسرائیل فضائی مشقیں'، وزارتِ دفاع سے وضاحت طلب

پی ٹی آئی نے پاکستانی اور اسرائیلی فضائیہ کی مشترکہ مشقوں کے حوالے سے میڈیا کی خبروں پر وضاحت دینے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان اور اسرائیلی ایئر فورسز کی مشترکہ مشقوں کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبروں پر وزیر دفاع سے وضاحت طلب کی ہے۔

خیال رہے کہ اخبارات میں یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ امریکا میں پاکستان اور اسرائیلی ایئر فورسز کے طیارے مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے۔

پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے کہا کہ 'پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے، اس لیے اسرائیلی فضائیہ کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں ناقابل قبول ہیں'۔

مزید پڑھیں: پاکستان،اسرائیل کی امریکی فضائی مشقوں میں شرکت

انھوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے مذکورہ خبروں کی تصدیق یا تردید کرنے کیلئے وضاحت دینے کا مطالبہ کیا۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ 'خواجہ آصف کو قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں شرکت اور اس معاملے پر وضاحت دینی چاہیے'۔

پی ٹی آئی کی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر خبر من گھڑت ہے تو یہ پاکستانی فوج کو بدنام کرنے کی کوشش ہے تاہم اگر خبر سچ ہے تو یہ ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔

شیریں مزاری نے الزام لگایا کہ امریکی دباؤ پر پاکستان مذکورہ مشقوں کیلئے اپنے طیارے بھیج رہا ہے۔

پاک-امریکا تعلقات

انھوں نے امریکی کانگریس کے اراکین کو پاکستانی شہریوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کے کردار پر سوالات اٹھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری ہزاروں جانوں کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کررہا ہے'۔

انھوں نے کہا کہ 'امریکی کانگریس کے اراکین پاک-امریکا تعلقات پر سوالات اٹھا رہے ہیں اور اب امریکا نے پاکستان کی فوجی امداد کی مد میں ملنے والے 30 کروڑ ڈالر کی امداد کو روک دیا ہے'۔

انھوں نے سوال اٹھایا کہ 'جب امریکی امداد بند ہوچکی ہے تو پاکستان اس کی مدد کیوں کررہا ہے'۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز امریکی میڈیا میں خبریں آئیں تھی کہ پاکستانی فضائیہ کے طیارے رواں ماہ کے اختتام پر امریکا کے علاقے نیواڈا میں امریکی، اسرائیلی اور متحدہ عرب امارات کے طیاروں کے ہمراہ مشترکہ جنگی مشقیں کریں گے۔

دی ایوی ایشنسٹ میگزین کے مطابق پاکستان کے 6 اے ایف ایف 16 سی/ ڈی بلاک 52+ کمبیٹ طیارے پہلے ہی امریکا میں نیواڈا کے نیلس ایئر فورس بیس پر مشترکہ گرین اور ریڈ فلیگ مشقوں میں حصہ لینے کے لیے پہنچ چکے ہیں۔

امریکی ایئر فورس کے مطابق ریڈ فلیگ سے مراد فضا سے فضا میں تربیتی مشق ہے، جس کے دوران شرکاء ہوا بازی میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ایک ساتھ ڈوگ فائٹ کرتے ہیں جبکہ گرین فلیگ میں مشترکہ ہوائی، زمینی اور الیکٹرانک خطرات سے لڑنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

2016 میں امریکی ایئر فورس نیواڈا میں 4 ریڈ فلیگ مشقیں کررہی ہے، ان مشقوں کا پہلا مرحلہ جنوری تا فروری، دوسرا مرحلہ فروری تا مارچ اور تیسرا مرحلہ جولائی میں ختم ہوا جبکہ ان مشقوں کا رواں سال کا چوتھا اور آخری مرحلہ 15 اگست سے شروع ہوگا، جس کا اختتام 26 اگست کو ہوگا۔