دنیا

دنیا کا پہلا ہوٹل جس میں جنگل

اس ہوٹل میں مصنوعی ساحل کے ساتھ ایک شیشے کے پیندے والا سوئمنگ پول ہوگا جو دبئی کی گلیوں کے اوپر جھول رہا ہوگا۔

دبئی میں دنیا کے پہلے ایسے ہوٹل کی تعمیر پر کام جاری ہے جس کا اپنا برساتی جنگل ہوگا۔

روز مونٹ ہوٹل اینڈ ریزیڈنس 20 لاکھ اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ہوا ہوگا جس میں مصنوعی ساحل کے ساتھ ایک شیشے کے پیندے والا سوئمنگ پول ہوگا جو دبئی کی گلیوں کے اوپر جھول رہا ہوگا۔

اس ہوٹل کو زاس آرکیٹیکٹس نے ڈیزائن کیا ہے اور 47 منزلہ ٹوئن ٹاورز میں 280 رہائشی اپارٹمنٹس ہوں گے۔

دبئی اپنے مصنوعی جزیروں اور بلند و بالا عمارات کی بناءپر جانا جاتا ہے اور اس نئے ہوٹل کی تعمیر پر بھی 55 کروڑ ڈالرز خرچ ہوں گے جسے 2018 میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

اس ہوٹل کا داخلی دروازہ ہی اپنی مثال آپ ہوگا جس میں داخل ہوتے ہی لوگوں کو ایک بہت بڑے ایکوریم یا جنگل کا منظر دیکھنے کو ملے گا۔

ہوٹل کے اندر روبوٹک لیگج ہینڈلر مہمانوں کو خوش آمدید کہیں گے جبکہ 75 ہزار اسکوائر فٹ برساتی جنگل بھی اس کا حصہ ہوگا جس میں آبشاریں، چشمے اور دیگر قدرتی مناظر کی نقل کو دیکھا جاسکے گا۔

یہ جنگل پانچ منزلوں پر مبنی بنیاد پر پھیلا ہوا ہوگاجبکہ اس کے اندر ڈائنا سور کے زمانے کے جنگلات کی نقل کو بھی شامل کیا جائے گا۔

25 ویں منزل پر شیشے کا سوئمنگ پول ہوگا جس سے شہر کے بدلتے آسمان کا نظارہ بھی کیا جاسکے گا، مگر سب سے خاص بات اس پول کے نچلے حصے میں چھپی ہوئی ہوگی جو اندھیرے میں ستاروں کی طرح جگمگائے گا۔

فوٹو بشکریہ زاس آرکیٹیکٹس