لائف اسٹائل

امیتابھ بچن کا پوتی، نواسی کے نام کھلا خط

بولی وڈ کے میگا اسٹار نے آرادھیا اور نیویا کے نام خط میں لکھا کہ اس بات کی کبھی بھی پروا نہ کریں کہ لوگ کیا کہیں گے۔

بولی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی اپنی پوتی اور نواسی سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

اب یہ ان کی آنے والی فلم 'پنک' کا اثر ہے یا کچھ اور لیکن حال ہی میں امیتابھ نے اپنی 18 سالہ نواسی نیویا نویلی اور 4 سالہ پوتی آرادھیا کے نام ایک کھلا خط لکھا، جس میں وہ انھیں خواتین کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کرتے نظر آئے۔

امیتابھ نے لکھا:

میری پیاری نیویا اور آرداھیا،

'آپ دونوں کے نازک کندھوں پر نہایت بھاری ذمہ دار عائد ہوتی ہے۔ آرادھیا، آپ کے کندھے پر آپ کے پر دادا ڈاکٹر ہری وانش رائے بچن اور نیویا آپ کے کندھے پر آپ کے پر دادا شری ایچ پی نندا کی قیمتی میراث سنبھالنے کی ذمہ داری ہے'۔

'آپ دونوں کے نام کے ساتھ چاہے نندا لگے یا بچن، لیکن آپ ایک لڑکی، ایک عورت ہیں! اور چونکہ آپ خواتین ہیں، لہذا لوگ آپ پر اپنی سوچ، اپنی حدود تھوپنے کی کوشش کریں گے'۔

'وہ آپ کو بتائیں گے کہ کس طرح کا لباس پہننا ہے، کس طرح کا برتاؤ کرنا ہے، آپ کو کس سے ملنا ہے اور آپ کو کہاں جانا ہے'۔

'ان لوگوں کے نظریات، فیصلوں کے سائے میں زندگی مت گزارنا، اپنی عقل کے مطابق اپنا انتخاب خود کرنا، کسی کو اس بات کی اجازت مت دینا کہ وہ آپ کو یہ محسوس کرائیں کہ آپ کے اسکرٹ کی لمبائی، آپ کے کردار کی پیمائش ہے'۔

امیتابھ نے مزید لکھا، 'اس بارے میں کسی کی مت سنیں کہ آپ کو کس سے دوستی کرنی ہے اور کس کے ساتھ نہیں، شادی صرف تب ہی کریں جب آپ واقعی شادی کرنا چاہتی ہوں'۔

'لوگ باتیں کریں گے، وہ کچھ خطرناک باتیں بھی کریں گے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ کو ہر ایک کی بات سننی ہے، اس بات کی کبھی بھی پروا نہ کریں کہ لوگ کیا کہیں گے'۔

'آخر میں صرف آپ کو ہی اپنے کسی بھی عمل کے نتائج برداشت کرنے ہوں گے، لہذا دوسرے لوگوں کو اپنے لیے فیصلے مت کرنے دیں'۔

'نیویا، آپ کے نام کے ساتھ جڑا آپ کے دادا کا نام کبھی بھی آپ کو ان مشکلات سے نہیں بچائے گا جو بحیثیت ایک خاتون آپ کے راستے میں آئیں گی'۔

'آرداھیا، جب تک آپ کو یہ باتیں سمجھ آئیں گی، شاید اس وقت تک میں نہ رہوں، لیکن میرا خیال ہے کہ جو کچھ میں ابھی کہہ رہا ہوں، وہ اُس وقت بھی قابل عمل ہوگا'۔

آرادھیا اور نیویا کے نام امیتابھ کی جانب سے لکھا گیا کھلا خط—۔فوٹو/ بشکریہ ڈیلی او ڈاٹ انڈیا

انھوں نے مزید لکھا، 'یہ دنیا ایک عورت کے لیے بہت مشکل ہے، لیکن میرا خیال ہے کہ آپ جیسی خواتین اسے تبدیل کردیں گی'۔

'اپنی حدود کا خود تعین کرنا، اپنے انتخابات کا تعین خود کرنا اورلوگوں کے فیصلوں سے خود کو بلند رکھنا آسان نہیں ہوگا، لیکن آپ لوگ دیگر خواتین کے لیے مثال قائم کرسکتی ہیں'۔

'یہ کر کے دکھائیں، مجھے یقین ہے کہ آپ مجھ سے زیادہ کام کریں گی اور یہ میرے لیے ایک اعزاز ہوگا کہ میں امیتابھ بچن کے بجائے آپ کے دادا/نانا کی حیثیت سے پہچانا جاؤں'۔

بہت سارے پیار کے ساتھ

آپ کا دادا، آپ کا نانا

تو کیسا لگا آپ کو امیتابھ بچن کا یہ کھلا خط، کیا آپ ان سے اتفاق کرتے ہیں؟