Dawn News Television

شائع 12 ستمبر 2016 11:41pm

پاکستان میں رواں سال 75 لاکھ جانوروں کی قربانی متوقع

کراچی: ملک بھر میں رواں سال عید الاضحیٰ کے موقع پر 75 لاکھ جانوروں کی قربانی متوقع ہے۔

رواں سال گائے، بچھڑے اور بیل کی فروخت میں گذشتہ سال کی نسبت اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس سال بڑے جانوروں کی زیادہ خریداری کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے گذشتہ سال کی نسبت، رواں سال کھالوں کی خریداری میں ایک ارب روپے کی کمی ہوگی، جبکہ اس کی ایک اور بڑی وجہ چمڑے کی برآمدی مصنوعات کی ڈیمانڈ میں کمی بھی ہے۔

پاکستان میں رواں سال کھالوں کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور محتاط اندازے کے مطابق 7 ارب روپے مالیت کی کھالیں ٹینرز کی جانب سے خریدی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ منگل کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔

Read Comments