Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 ستمبر 2016 05:19pm

لندن کے میئر صادق خان کی ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید

شکاگو: لندن کے میئر صادق خان نے امریکی ریاست شکاگو کے دورے کے موقع پر صدارت کے لیے ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

پاکستانی نژاد صادق خان رواں برس مئی میں لندن کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہوئے تھے، جو ان دنوں امریکا کے پہلے دورے پر ہیں۔

مزید پڑھیں:صادق خان لندن کے میئر منتخب

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے مسلمان مخالف بیانات کی وجہ سے مشہور ہیں، جو 'دہشت گردی کے خاتمے' کے لیے امریکا میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی کی تجویز بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دی شکاگو کونسل آن گلوبل افیئرز میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے صادق خان کا کہنا تھا، 'ہم اُس وقت ان لوگوں، شدت پسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں میں کھلونا بن جاتے ہیں جو ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں، جب ہم یہ کہتے ہیں کہ مغربی اقدار کو تھامنا اور مسلمان ہونا بیک وقت ممکن نہیں'۔

صادق خان کا کہنا تھا، 'جب لوگ ہمارے شہروں اور ملکوں میں آئیں تو انھیں اپنی روایات و ثقافت کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے'۔

ان کا کہنا تھا، 'ہم سب کے تشخص کی ایک سے زیادہ پرتیں ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم مخالف بیان: ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ

صادق خان اس موقع پر ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کی حمایت کرتے نظر آئے۔

ان کا کہنا تھا، 'میں ہیلری کلنٹن کا بہت بڑا فین ہوں، وہ بغیر کسی بحث و مباحثے کے صدر بننے کے لیے سب سے زیادہ تجربہ کار امیدوار ہیں'۔

اس سے قبل صادق خان نے منگل 13 ستمبر کو کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کی تھی۔

شکاگو میں وہ لندن میں یورپین ہیڈکوارٹرز کے قیام کی غرض سے ٹیکنالوجی انکیوبیٹر حب اینڈ اسٹریس آپرچیونٹیز فار شکاگو کمپنیز کا دورہ کریں گے۔

ان کے ہمراہ برطانیہ کے ٹیکنالوجی اندسٹری کے ایگزیکٹو بھی امریکا آئے ہیں، جو برطانوی شہریوں کے یورپی یونین سے انخلاء کے حق میں ووٹ یعنی 'بریگزٹ' کے مستقبل میں اقتصادی معاملات پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

امریکا کے 5 روزہ دورے کے دوران صادق خان نیویارک بھی جائیں گے، جہاں وہ ایک ہاؤسنگ پروجیکٹ کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ میجر لیگ بیس بال کے کمشنر روب مین فریڈ سے ملاقات بھی کریں گے، تاکہ امریکی کھیل کو لندن بھی لے جایا جاسکے۔

Read Comments