ملٹی میڈیا

گنیش چترتھی، 10دن بعد مورتیوں کو سمندربرد کر دیا جاتا ہے

ہر سال کی طرح اس بار بھی ہندو برادری نے گنیش چترتھی کا تہوار نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا۔

ہندوستان میں ہر سال کی طرح اس بار بھی ہندو برادری نے گنیش چترتھی کا تہوار نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا۔

گنیش چترتھی ہندوؤں کا مذہبی تہوار ہے جو ان کے ایک دیوتا ’گنیش‘ کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کا سر ہاتھی جیسا تھا، یہ تہوار چاند کی چار تاریخ سے شروع ہوتا ہے جس کا اختتام چاند کی 14 تاریخ کو ہوتا ہے۔

یہ تاریخیں ہر سال اگست سے ستمبر کے مہینے کے دوران آتی ہیں جس کے بعد ان دنوں میں گنیش وسرجن کی پوجا کی جاتی ہے۔

اس تہوار کے دوران ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے گھروں اور مندروں میں گنیش کی تصاویر رکھتے اور مورتیاں بناتے ہیں جس کے بعد 10 دنوں تک ان کی پوجا کی جاتی ہے۔

10 روز بعد ان تمام مورتیوں اور تصاویر کو کسی تالاب یا نہر میں بہا دیا جاتا ہے۔

اس تہوار کو پورے ہندوستان میں ہندو مناتے ہیں، لیکن بالخصوص مہاراشٹر، کرناٹک، تلنگانہ، تامل ناڈو، کیرلا، آندھرا پردیش، گوا، اڑیسہ اور مغربی و جنوبی ہندوستان کے متعدد علاقوں میں انتہائی اہتمام اور بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔

ہندوستان کے باہر، نیپال کے ترائی علاقہ نیز ریاستہائے متحدہ امریکا، کینیڈا اور موریشس میں رہنے والی ہندو برادریاں بھی انتہائی اہتمام سے اس تہوار کو مناتی ہیں۔