Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2016 04:59pm

'ڈیئر فواد! اب وقت ہے کہ واپس پاکستان چلے جائیں'

ممبئی: پاکستانی اداکار فواد خان کی بولی وڈ میں مقبولیت دن بدن جہاں بڑھتی جارہی ہے، وہیں کچھ لوگ ان کے خلاف بھی ہیں۔

حال ہی میں ایک سینئر ہندوستانی صحافی اور مشہور بلاگر سومیادپتا بنیرجی نے فواد خان کے نام ایک انتہائی تلخ کھلا خط تحریر کیا، جس میں انھوں نے پاکستانی اسٹار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 'ڈیئر فواد! اب وقت ہے کہ آپ واپس اپنے وطن پاکستان چلے جائیں'۔

بولی وڈ جرنلسٹ میں شائع ہونے والے مذکورہ خط میں بینرجی کا کہنا تھا، 'فواد میرا نہیں خیال کہ آپ اُس محبت سے انکار کرسکتے ہیں جو گذشتہ چند سالوں میں ہم نے آپ پر نچھاور کی ہے، ہم نے 2 سال میں آپ کو اتنی دولت دے دی ہے، جتنی آپ شاید پاکستان میں 10 سال کام کرنے کے بعد جمع کرپاتے'۔

بینرجی نے مزید لکھا، 'ہم نے آپ کو یہ تسلیم کروایا ہے کہ آپ کراچی میں بیٹھ کر نہیں کماسکتے تھے، ہم نے آپ کو اہنی بہترین فلموں میں اداکاری کا موقع فراہم کیا، ہم نے آپ کو برانڈز کی تشہیر کا موقع دیا اور ہم نے ہی آپ کو پاکستان میں بھی ایک بڑا اسٹار بنایا'۔

انھوں نے مزید لکھا، 'اگرچہ بولی وڈ فلموں میں آپ معاون کردار ہی ادا کرتے ہیں، لیکن پاکستان میں اب آپ ایک سپر اسٹار ہیں'۔

اور صرف یہی نہیں، فواد خان کو یہ باور کروانے کے بعد کہ ان کے کیریئر کو چار چاند صرف بولی وڈ کی وجہ سے ہی لگے ہیں، بینرجی نے انھیں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کا بھی ذمہ دار ٹھہرا دیا اور لکھا، 'ہم نے انتہائی دکھ سے یہ دیکھا کہ کس طرح آپ نے خود کو اس سارے معاملے سے الگ کررکھا ہے جبکہ آپ کا ملک مسلسل ہمیں تکلیف دے رہا ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا، 'فواد آپ میں ہمت کی کمی ہے، آپ میں اپنے ملک کے 'جہادیوں' کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی کمی ہے'۔

بینرجی نے اس حوالے سے ایک ٹوئیٹ بھی کی اور اپنے اس خط کا جواز پیش کرتے ہوئے اسے 'احتجاج کی ایک قسم' قرار دیا۔

Read Comments