Dawn News Television

شائع 06 اکتوبر 2016 06:19pm

جیکی چن نے ایک اور طیارہ خرید لیا

ویسے تو ہوا میں اڑنے کا شوق کس کو نہیں ہوتا مگر اس کے لیے 2 ارب روپے خرچ کرنے کی سکت ہر ایک کے بس کی بات نہیں، کیا آپ ایسا کرسکتے ہیں؟

کم از کم چین سے تعلق رکھنے والے سپراسٹار اداکار جیکی چن نے تو ایسا نیا کھلونا اپنے ذخیرے کا حصہ بنالیا ہے۔

جی ہاں گزشتہ دنوں چینی اور ہولی وڈ فلموں کے اس سپراسٹار نے برازیل کی طیارہ ساز کمپنی ایمبرایر سے ایک اور جہاز 20 ملین ڈالرز (لگ بھگ 2 ارب 10 کروڑ پاکستانی روپے) میں خرید لیا ہے۔

یہ برازیلین کمپنی کا رواں سال متعارف کرائے جانے والا جہاز ہے جسے لیگسی 500 بزنس جیٹ کا نام دیا گیا ہے۔

ایمبرایر لیگسی 500 بزنس جیٹ نامی یہ طیارہ جیکی چن کا پہلا جہاز نہیں۔

درحقیقت وہ اس کمپنی کے برانڈ ایمبسیڈر ہیں اور اس سے پہلے 2012 اور رواں سال کے شروع میں میں بھی طیارے خرید چکے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ لیگسی 500 جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اس کا ڈیزائن مسافروں کے آرام کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔

جیکی چن اپنے طیاروں کے ذخیرے میں نئے اضافے پر بہت پرجوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ لیگسی 500 جیسے طیارے کے حصول پر سنسنی محسوس کررہے ہیں جو کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ ایگزیکٹو جیٹ ہے۔

فوٹو بشکریہ ایمبرایر

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران لیگسی 650 سے مجھے سفر کے زبردست تجربہ اور آرام ملا اور اس کی مدد سے مجھے دنیا بھر میں کام کرنے کا موقع ملا۔

ان کے بقول توقع ہے کہ اس نئے طیارے کی کارکردگی پہلے سے بھی بڑھ کر ہوگی اور یہ میرے لیے اچھا موبائل گھر اور دفتر ثابت ہوگا۔

یہ طیارہ 45 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرسکتا ہے اور اس کی رفتار آواز کی رفتار سے کچھ ہی کم ہے۔

Read Comments