پاکستان

'نواز شریف کی تقریر محاذ آرائی کا دعوت نامہ'

ہمارا مطالبہ بہت ہی واضح اور جائز ہے اور ہم کسی بھی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے،رہنما پی ٹی آئی عارف علوی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عارف علوی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے پارٹی انتخابات کی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف نے اپنی تقریر کا محور ان کی جماعت کو رکھا اور اسے ہدفِ تنقید بنایا۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ درحقیقت نواز شریف نے پی ٹی آئی کو محاذ آرائی کی دعوت دی کہ وہ اسلام آباد میں آکر جو کچھ کرنا چاہے کرسکتی ہے، لیکن پاناما لیکس کی تحقیقات نہیں ہوں گی۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ بہت ہی واضح اور جائز ہے اور ہم کسی بھی قسم کی محاذ آرائی نہیں کرنا چاہتے۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ماضی پر نظر ڈالی جائے تو ان کی تاریخ محاذ آرائی کی سیاست سے بھری ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کا مطالبہ صرف ایک ہے جوکہ پاناما لیکس کی آزادانہ تحقیقت سے متعلق ہے۔

ان کا کہنا تھا نواز شریف نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ کون کنٹینر پر آتا ہے اور احتجاج کرتا ہے اور پھر اگر وہ اتنے ہی لاعلم ہیں تو اپنی پوری تقریر میں اس بات کا ذکر ہی کیوں کرتے رہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ نواز شریف صرف اپوزیشن کی ایک ہی جماعت کو ہدفِ تنقید بناتے ہیں، بلکہ اصل میں وہ پیپلز پارٹی پر بھی اس طرح کے وار کرتے رہے ہیں.

خیال رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے انتخابات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ ’آپ نے صوبے میں کام کیا ہوتا تو لوگ آپ کے معترف ہوتے، کے پی کے لوگ دیکھتے ہیں نئے پاکستان کے نام پر ووٹ لینےوالا کنٹینر پر کھڑا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے پروا نہیں کہ کون کنٹینر پر آتا ہے ، کتنا برا بھلا کہتا ہے، میں نے تو قوم سے مسائل کے دلدل سے باہر نکالنے کا وعدہ کیا ہوا ہے اور اس کی تکمیل تک میں چین سے نہیں بیٹھ سکتا‘۔

وزیراعظم کی تقریر میں یہ سخت اور جارحانہ رویہ ایک ایسے وقت میں دیکھنے میں آیا ہے جب اگلے ماہ 2 نومبر کو تحریک انصاف کرپشن کے خاتمے اور پاناما لیکس کی تحقیقت کا مطالبہ لیے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کرچکی ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے 'اسلام آباد بند کرنے' کی تاریخ تبدیل کردی

پی ٹی آئی چیئرمین پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ وہ اُس وقت تک آرام سے نہیں بٹھیں گے جب تک نواز شریف خود کو احستاب کے لیے پیشن نہیں کردیتے۔

یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقتور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف

ان دستاویزات میں روس کے صدر ولادی میر پوٹن، سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان، آئس لینڈ کے وزیر اعظم، شامی صدر اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سمیت درجنوں حکمرانوں کے نام شامل تھے۔

اس سلسلے میں وزیر اعظم نے ایک اعلیٰ سطح کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس کمیشن کے ٹی او آرز پر حکومت اور حزب اختلاف میں اب تک اتفاق نہیں ہو سکا۔

تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ حکومت پاناما لیکس کی آزادانہ تحقیقات کروانے کے لیے اپوزیشن کے ٹرمز آف ریفرنسز (ٹی او آرز) کو تسلیم کرے۔