سرکاری واٹس ایپ نمبر پر 44 ہزار شادی کے پیغامات
پٹنہ: ہندوستانی ریاست بہار کے نائب وزیراعلیٰ تیجاسوی یادیو کو خراب سڑکوں کی شکایات درج کروانے کے لیے دیئے گئے واٹس ایپ نمبر پر اب تک 44 ہزار شادی کے پیغامات موصول ہوچکے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے والوں میں پریا، انوپما، کنچن اور دیویکا نامی صارفین شامل ہیں، جنھوں نے تیجاسوی یادیو کو شادی کی پیشکش کی، جو ریاست بہار کے عوامی بہبود کے وزیر بھی ہیں۔
ایک حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ واٹس ایپ نمبر پر موصول ہونے والے 47 ہزار پیغامات میں سے 44 ہزار ذاتی پیغامات تھے، جن میں یادیو کو شادی کی پیشکش کی گئی تھی جبکہ صرف 3 ہزار پیغامات سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے تھے۔
مذکورہ عہدیدار کے مطابق زیادہ تر لڑکیوں نے پیغامات میں اپنی ذاتی معلومات مثلاً رنگ، قد اور جسامت وغیرہ بھی شیئر کیں۔
عہدیدار نے مزید بتایا کہ، 'لڑکیوں نے شاید یہ سمجھا کہ دیا گیا واٹس ایپ نمبر تیجاسوی یادیو کا ذاتی نمبر ہے اور انھوں نے اس پر شادی کے پیغامات بھیج دیئے'۔
اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے یادیو نے کہا، 'اگر میں شادی شدہ ہوتا تو یہ ذاتی پیغامات مجھے شدید مشکل میں ڈال دیتے، شکر ہے کہ میں اب تک کنوارا ہوں'۔
تاہم رپورٹس کے مطابق یادیو نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ارینج میرج کو ترجیح دیں گے۔
کرکٹ چھوڑ کر سیاست کے میدان میں قدم رکھنے والے 26 سالہ تیجاسوی یادیو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد اور سابق وزیراعلیٰ رابری دیوی کے صاحبزادے ہیں۔