پاکستان

مزید 2 دہشت گرد تنظیموں کو ’کالعدم‘ قرار دینے کی سفارش

نیکٹا نے جماعت الاحرار اور لشکر جھنگوی العالمی کو کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کردی۔

اسلام آباد: نیشنل کاؤنٹر ٹیرراز اتھارٹی (نیکٹا) نے وزارت داخلہ کو جماعت الاحرار اور لشکر جھنگوی العالمی کو کالعدم تنظیم قرار دینے کی سفارش کردی۔

نیکٹا کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط کے مطابق ’اتھارٹی کی طرف سے جماعت الاحرار اور لشکر جھنگوی العالمی کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔‘

واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے علیحدہ ہونے کے بعد جماعت الاحرار اگست 2014 میں ابھر کر سامنے آئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان: داعش 61 کالعدم تنظیموں میں شامل

دہشت گرد تنظیم نے پاکستان میں فوجی اہلکاروںِ قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری تنصیبات، سیاستدانوں، مذہبی اقلیتوں اور وکلا پر کئی حملے کیے۔

جماعت الاحرار نے رواں سال 8 اکتوبر کو کوئٹہ میں وکلا پر حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی، جس میں 70 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اگست میں امریکی محکمہ خارجہ نے جماعت الاحرار کا نام دہشت گردوں کی عالمی فہرست میں شامل کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: کالعدم تنظیموں کی فہرست اقوام متحدہ کی فہرست سےمماثل بنانےکافیصلہ

لشکر جھنگوی سے علیحدہ ہونے والی لشکر جھنگوی العالمی ملک میں بالخصوص کراچی اور کوئٹہ میں متعدد فرقہ وارانہ حملوں میں ملوث ہے۔

رواں سال 25 اکتوبر کو پولیس ٹریننگ کالج حملے کی ذمہ داری لشگر جھنگوی العالمی نے ہی قبول کی تھی، جس میں 61 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ اس وقت وزارت داخلہ کی کالعدم تنظیموں کی فہرست میں 61 تنظیموں کے نام شامل ہے۔