Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2016 08:14pm

یاسر شاہ پریکٹس سیشن میں کمر کی انجری کا شکار

قومی ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ کینز میں پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہو گئے ہیں جس کے سبب ان کی وارم اپ میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

پاکستانی ٹیم اس وقت کینز میں موجود ہے جہاں آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل وہ وارم اپ میچ میں شرکت کرے گی۔

منگل کو پریکٹس سیشن میں باؤلنگ کرتے ہوئے یاسر شاہ کمر کی انجری کا شکار ہوئے اور مزید باؤلنگ جاری نہ رکھ سکے۔

پی سی بی آفیشل کے مطابق یاسر شاہ کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں: یاسر شاہ دورہ انگلینڈ سے قبل زخمی

آفیشل نے مزید کہا کہ انجری کی وجہ سے یاسر شاہ ممکنہ طور پر وارم اپ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے تاہم امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل وہ فٹ ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کے دوران دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل یاسر کمر کی انجری کا شکار ہو گئے تھے اور دوسرا میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

پھر رواں سال کاکول میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران ان کے گھٹنے میں انجری ہوئی تھی جس کے سبب وہ ایک ماہ تک کرکٹ کے میدانوں سے دور رہے تھے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر سے کھیلا جائے گا جس ڈے نائٹ ٹیسٹ ہو گا۔

Read Comments