'بالو ماہی' میں صدف کنول کا کردار کیا ہے؟
پاکستان کی نامور ماڈل صدف کنول بہت جلد پاکستانی فلم 'بالو ماہی' میں ایک اہم کردار کرتی نظر آئیں گی، یہ وہی فلم ہے جس میں ان کے کردار کے حوالے سے شائقین کافی عرصے سے جاننا چاہ رہے تھے۔
ڈان نے صدف کنول سے فلم میں ان کے کردار کے حوالے سے بات کی، جس پر ان کا کہنا تھا 'میرا کردار بہت دلچسپ ہے، میں ایک کمپنی کی مالک ہوں، یہ کردار گلیمرس ہونے کے ساتھ ساتھ تھوڑا بے حس بھی ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم میں ان کے کردار کا نام شرمین ہے، جو ایک کاروباری خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ کافی 'مزیدار' بھی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی فلم ’بالو ماہی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان
اپنے کردار کے حوالے سے مزید بتاتے ہوئے صدف کنول نے کہا 'میں فلم میں ایک لڑکے کے ساتھ بہت سے مقامات کا دورہ کروں گی، پھر ان دونوں کی رومانوی کہانی کا آغاز ہوجائے گا، جسے فلم میں پیش کیا جائے گا، میں جس لڑکے سے پیار کروں گی اس کا کردار کافی پریشان رہنے والے شخص کا ہے'۔
لکس اسٹائل ایوارڈ حاصل کرنے والی ماڈل صدف کنول کے مطابق فلم میں کئی ایسے لمحات تھے جو ان کے لیے کافی یادگار ہیں، ان میں سے ایک سین وہ ہے جب انہوں نے ہدایت کار ہیثم حسین کے ساتھ پہلا سین شوٹ کیا۔