ایرانی فورسز کی شیلنگ، ایک پاکستانی جاں بحق
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ایران سے منسلک سرحدی علاقے پنجگور میں ایرانی سرحدی محافظوں کی جانب سے کی جانے والی مارٹر گولوں کی شیلنگ سے ایک پاکستانی جاں بحق اور دیگر 2 زخمی ہوگئے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مقامی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ایرانی سرحدی محافظوں نے پاکستانی علاقے میں 9 مارٹر شیل داغے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ ایرانی فورسز کی جانب سے فائر کیا گیا ایک شیل پاکستان کے سرحدی ضلع پنجگور میں ایک گاڑی کے قریب گرا جس میں پاکستانی شہری سوار تھے۔
مزید پڑھیں: ایرانی فورسز کی پاکستان میں شیلنگ، لیویز
اس واقعے میں گاڑی میں موجود ایک شہری ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'یہ ایرانی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ تھی'۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے بغیر کسی جواز کے پاکستانی حدود میں مارٹر شیل فائر کرنا اس کی علاقائی سالمیت پر حملہ ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی، پیرا ملٹری فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی علاقے میں ایران سے مارٹر گولے فائر
ایرانی فورسز کے مذکورہ حملے کے بعد ضلع پنجگور میں مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سرحدی خلاف ورزی کے بعد پاکستانی سرحد کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔
خیال رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ ایرانی سرحدی محافظوں نے پاکستانی حدود میں مارٹر شیل فائر کیے ہیں، گذشتہ کچھ سالوں سے ایسے واقعات پیش آرہے ہیں، جس پر پاکستان نے متعدد مرتبہ ایرانی حکام سے احتجاج بھی کیا تاہم ان کا سلسلہ جاری ہے۔