Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2016 11:30pm

پی سی بی کابی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کااعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہر یار خان نے معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے پر ہندوستان کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پی سی بی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتےہوئے شہریار خان نے کہا کہ 'ہندوستان نے ایم او یو پر دستخط کیے لیکن سیریز نہیں کھیلی جس کا نقصان پورا کیا جائے اور بورڈ آف گورنرز نے اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کی منظوری دے دی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہندوستان نے طے شدہ دو سیریز نہ کھیل کر دو سوملین ڈالر کا نقصان پہنچایا جس کا ازالہ ہونا چاہیے'۔

خیال رہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے معاہدے کے مطابق ہندوستانی ٹیم کو گزشتہ سال 2015 میں پاکستان میں سیریز کھیلنی تھی جو منعقد نہیں ہوئی جبکہ مستقبل میں ہونے والی سیریز کے حوالے سے بھی بی سی سی آئی نے واضح جواب نہیں دیا ہے۔

گزشتہ سال سیریز کے حوالے سے مذاکرات کے لیے جب شہریارخان ہندوستان گئے تو شرپسندوں نے بی سی سی آئی کے دفتر پر حملہ کیا تھا جس کے بعد دونوں بورڈ کے سربراہان کی ملاقات ملتوی ہوئی تھی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 'وزیرداخلہ اور دیگر وزرا سے اس حوالے سے بات ہوئی ہے'۔

انھوں نے کہا 'ہندوستان اب چمپیئنز ٹرافی میں کھیلنے سے انکار کررہا ہے لیکن ہم ان سے کہیں گے کہ آپ نے سیریز کا وعدہ کرنے کے باوجود نہیں کھیلی مگر ان کے پاؤں نہیں پڑرہے ہیں مگر وہ نقصان کا ازالہ کریں'۔

شہریار خان نے کہا کہ 'آئی سی سی بھی اس میں فریق تھا اور ہم قانونی نوٹس بی سی سی آئی کے علاوہ آئی سی سی کو بھیجیں گے تاکہ ہمارے نقصان کا ازالہ کیا جاسکے'۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'یہ شبہات اٹھائے جارہے ہیں کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں نہیں ہورہا ہے لیکن ہماری طرف سے کوئی شک نہیں ہے ہم خود چاہتے ہیں کہ فائنل یہاں ہو اور جو لوگ آنے سے گریز کررہے ہیں ان سے بات کررہے ہیں'۔

Read Comments