لائف اسٹائل

2017 کی پہلی پاکستانی فلم کیسی ہوگی؟

رافع راشدی کی 3 دوستوں کی کہانی پر مبنی فلم 'تھوڑا جی لے' 20 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

گزشتہ برس پاکستان میں کئی بہترین فلمیں ریلیز ہوئیں، رواں سال پاکستان کی ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہدایت کار رافع راشدی کی فلم 'تھوڑا جی لے' ہوگی۔

رافع راشدی کے مطابق 'یہ فلم کالج میں پڑھنے والے 3 دوستوں کی زندگی پر مبنی ہے، جو اپنی ذاتی زندگی میں بہت سے پریشانیوں کا سامنا کررہے ہوتے ہیں، فلم کے آخر میں یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے'۔

اس فلم کی کاسٹ میں ماڈل رضوان علی جعفری اور اداکار بلال عباس شامل ہیں۔

فلم 'تھوڑا جی لے' رواں سال 20 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

اس فلم کے حوالے سے چند دلچسپ باتیں یہاں پڑھیں:

فلم 'سکس ڈگریز آف سیپریشن' سے متاثر

رافع کے مطابق انہوں نے 2 سال قبل ایک پرومو شوٹ کیا تھا جس کا نام 'سکس' رکھا گیا تھا، اس کا بنیادی خیال یہ تھا کہ '7 سال کی دوستی زندگی بھر تک رہتی ہے' اور اسی خیال کے تحت یہ فلم 'تھوڑا جی لے' بنائی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فلم میں ایک دوست کے ساتھ پیش آنے والے حادثے کے بعد تمام دوست ایک دوسرے سے دوبارہ مل جائیں گے۔

نوجوانوں کی فلم لیکن کردار ایک دوسرے سے بالکل الگ

کرداروں کے حوالے سے رافع راشدی کا کہنا تھا کہ 'فلم میں موجود دوستوں کا بیک گراؤنڈ ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے، اس میں امیر، غریب، مڈل کلاس اور اپر کلاس جیسے مسائل کو پیش کیا گیا ہے، ان کرداروں کے ذریعے دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے کی کوشش بھی کی گئی'۔

ٹی وی شخصیت مہتاب اکبر راشدی کی انٹری

رافع راشدی فیچر فلم 'تھوڑا جی لے' کے ساتھ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں اور اس کا سارا کریڈٹ ان کی والدہ معروف ٹی وی شخصیت مہتاب اکبر راشدی کو جاتا ہے۔

رافع کا اس سے قبل ڈان نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ انہوں نے آئی ٹی میں ڈگری حاصل کی تھی، انھیں بچپن سے ہی فلمیں بنانے کا شوق تھا، جب انہوں نے اپنا پہلا اسکرپٹ والدہ کو دکھایا تو انہوں نے اسے پسند کیا تاہم ساتھ ہی سوال کیا کہ فلم بنانے کے لیے انہیں پیسے کہاں سے ملیں گے؟

اس پر انہوں نے کہا کہ 'امی ابو ہیں ناں'، اور یہی وجہ ہے کہ مہتاب نے فلم 'تھوڑا جی لے' کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بننے کا فیصلہ کیا۔

کوئی بڑا اداکار کاسٹ نہیں کیا گیا

رافع کا کہنا تھا کہ کئی لوگوں نے ان سے کہا کہ فلم میں کوئی معروف اداکار کاسٹ کیا جائے، تاہم انہیں کسی مقبول چہرے کی ضرورت نہیں۔

فلم کا مکمل فوکس صرف ایک اداکار پر نہ جائے، اس لیے 'تھوڑا جی لے' میں سب نئے اداکار کاسٹ کیے گئے، یہ نوجوانوں کی فلم ہے۔