Dawn News Television

شائع 17 جنوری 2017 05:15pm

شرمین عبید عالمی اقتصادی فورم کی صدارت کرنے والی پہلی آرٹسٹ

دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے بہت جلد عالمی اقتصادی فورم کی صدارت کرنے والی پہلی آرٹسٹ بھی بن جائیں گی۔

شرمین عبید کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ وہ عالمی اقتصادی فورم کے 3 روزہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گی۔

اس اجلاس کا آغاز رواں سال 17 جنوری سے سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیوس میں ہوگا۔

مزید بتایا گیا کہ شرمین عبید چنائے کو اس اجلاس میں فنکار برادری اور اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کی بے حد خوشی ہے۔

عالمی اقتصادی فورم سوئٹزرلینڈ کی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے، جو ہر سال جنوری میں اپنا سالانہ اجلاس منعقد کرتی ہے۔

اس اجلاس میں 100 ملکوں سے ڈھائی ہزار افراد کو مدعو کیا جاتا ہے، جن کا تعلق بزنس، سیاست اور صحافت وغیرہ سے ہوتا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف بھی اس اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکے ہیں، دیگر ارکان میں بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر، مقبول برطانوی باورچی جیمی اولیور اور امریکا کے سابق نائب صدر ایل گور شامل ہیں۔

Read Comments