لائف اسٹائل

ماورا کے ڈرامے 'سمی' میں گلوکار بلال خان شامل

'بچانا' گانے سے مقبول ہونے والے گلوکار بلال خان ہم ٹی وی کے ڈرامے 'سمی' میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

اداکاری اور گلوکاری ایک ساتھ بھی کی جاسکتی ہے، اور متعدد گلوکاروں کے بعد اب نامور گلوکار بلال خان بھی اس بات کو ثابت کرنے کے لیے اداکاری کے کیریئر کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

بلال خان کو مقبولیت اپنے ڈبیو گانے 'بچانا' سے ملی، اور اب وہ ہم ٹی وی کے جلد نشر ہونے والے ڈرامے 'سمی' میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بلال کا اس ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے کہنا تھا کہ 'میں اس وقت اپنے کردار کے بارے میں زیادہ نہیں بتا سکتا، لیکن مجھے یہ کردار کو ادا کرنا ایک چیلنج بھی لگا اور مزہ بھی آیا، کیوں کہ اصلی زندگی میں یہ مجھ سے بہت الگ ہے'۔

مزید پڑھیں: ماورا کے ڈرامے ’سمی‘ کی پہلی جھلک

بلال خان کا مزید کہنا تھا کہ 'میرے لیے اس ڈرامے کا انتخاب کرنے کی دو وجوہات تھیں، وہ یہ کہ یہ پاکستان کےسماجی مسائل کو لے کر، جان ہوپکنز کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنایا جارہا ہے، اور اس ڈرامے میں ہدایت کار سیفی حسن کے ساتھ ڈرامہ انڈسٹری کے کئی مقبول نام موجود ہیں'۔

ڈرامے 'سمی' کی کاسٹ میں بلال خان کے ساتھ ماورا حسین، عدنان صدیقی اور ریحان شیخ شامل ہیں۔

اس ڈرامے میں کام کے تحربے کے حوالے سے بلال خان کا کہنا تھا کہ 'جیسا کہ میں نے کہا کہ اس ڈرامے میں کئی شاندار اور تجربہ کار اداکار موجود ہیں، میں اپنے ساتھی اداکاروں کو سے سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں، کیوں کہ یہ میرا پہلا ڈرامہ ہے'۔

تو کیا اداکاری کے آغاز کے ساتھ بلال خان کے میوزک کیریئر کا اختتام ہوگیا؟ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ 'میں میوزک پروڈیوس کرتا رہوں گا، کیوں کہ یہ میری پہچان ہے، میں اس سال بہت سے نئے گانے ریلیز کروں گا، تاہم جب میں کسی بھی پروجیکٹ پر کام شروع کرتا ہوں تو میں صرف اس کو مکمل ترجیح دیتا ہوں'۔