خالی کلاس کو پڑھانے والے الجبرا کے استاد
زمانہ طالب علمی سب کے لیے ہی ایک یادگار دور ہوتا ہے، اساتذہ کا خوف، ہوم ورک کی فکر، امتحانوں میں اچھے نمبرز حاصل کرنے کی تگ و دو، کلاس کے دوستوں کے ساتھ مذاق مستی، اور کبھی کبھی چپ چاپ کلاس روم سے نکل کر استاد سے بھاگنے میں کامیابی بھی۔
لیکن فلوریڈا کے کلاس روم میں کچھ انوکھا واقعہ پیش آیا، پڑھائی سے نالاں یا پھر استاد سے خائف پوری کلاس ہی کلاس روم سے فرار ہوگئی اور الجبرا کے استاد کے لیے خالی ڈیسک اور سائیں سائیں کرتا کمرہ خالی چھوڑ گئی۔
ایڈم ہیتھ ایوی ٹیبل نامی استاد جب کلاس میں پہنچے تو خالی میز اور کرسیوں کو اپنا منتظر پایا، پہلے پہل تو استاد کو لگا کہ شاید بچے لیٹ ہوگئے ہیں لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا اور ایک بھی طالب علم نے کلاس کا رخ نہیں کیا تو ایڈم کا ردعمل کافی انوکھا تھا۔
بجائے اس کے کہ وہ تمام طالب علموں کو معطل کردیتے انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئیٹر کا سہارا لیا اور خالی کلاس کا احوال سلسلہ وار ٹوئیٹس میں بتاتے گئے۔
7 بج کر 18 منٹ سے شروع ہونے والے ٹوئیٹس کا یہ سلسلہ پورے ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا اور اس دوران ایڈم یکے بعد دیگرے ٹوئیٹس کرکے اپنا غم ٹوئیر باسیوں سے بانٹتے رہے۔
اس دوران ان کے کلاس میں ایڈمنسٹریٹر بھی آئے مگر کوئی طالب علم اس جانب نہیں آیا۔
استاد بھی بجائے غصہ ہونے کے بس اپنی بےبسی کا افسوس مناتے رہے اور ٹوئیٹس کرتے رہے۔
ایڈم کی ٹوئیٹس نے ٹوئیٹر پر کافی مقبولیت حاصل کی اور بیشتر افراد اتنے خوش مزاج استاد کا طالب علم بننے کی خواہش ظاہر کرتے رہے۔
لیکن ایڈم کو تو اپنی کلاس کے بچوں کا انتظار تھا، جنہوں نے نہ آنا تھا اور نہ ہی وہ آئے اور ایڈم کو مایوس ہو کر کلاس ختم کرنا پڑی۔
یوں ہنس مکھ استاد نے اپنی بےبسی کی داستان سب کو سنا کر ان کی توجہ بھی حاصل کرلی اور ہزاروں افراد کو محظوظ بھی کردیا۔