بلوچستان: مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک
کوئٹہ:بلوچستان کے علاقے کوئٹہ اور شیرانی میں پیش آنے والے مختلف حادثات کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے فیروزآباد میں سریاب روڈ کے قریب گیس لیک ہونے کے نیتجے میں دو کسمن بچے دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بچوں کی شناخت دو سالہ ایمان بی بی اور 6 ماہ کے انس کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں بچے کمرے میں گیس بھرجانے کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے جبکہ بچوں کو مردہ حالت میں دیکھنے کے بعد ان کے والدین بے ہوش ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خضدار میں ٹریفک حادثہ، 8 مسافر ہلاک
اسی طرح بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بدھ کی شام پیش آنے والے ایک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق داہنہ سر کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک بچے سمیت 6افراد ہلاک ہوگئے۔
متاثرہ خاندان ڈیرہ اسماعیل خان جارہا تھا کہ راستے میں تیز رفتاری کی وجہ سے حادثہ پیش آگیا، لیویز اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر گاڑی اور لاشوں کو کھائی سے نکالا۔