بابر کی بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلنگ کی تیاریاں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بلے باز بابراعظم آل راؤنڈر کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں جس کے لیے انھوں نے برسبین میں اپنا باؤلنگ ٹیسٹ کرادیا ہے۔
ڈان نیوز کو ٹیم انتظامیہ نے بتایا کہ ماضی میں قومی انڈر19 ٹیم کی قیادت کرنے والے بابراعظم اپنے مشکوک باولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کے لیے ایڈیلیڈ سے برسبین پپہنچ گئے ہیں جہاں ان کے ایکشن کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بابراعظم انڈر19 ٹیم میں بیٹنگ کے علاوہ آف اسپن باؤلنگ بھی کرتے تھے لیکن انھیں مشکوک ایکشن کی پاداش میں باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
پی سی بی اہلکار کا کہنا تھا کہ 'انڈر 19 ٹیم کے لیے آف اسپنر کا کردار ادا کرنے والے بابرکا برسبین میں قائم آئی سی سی لیب میں ٹیسٹ کیا گیا ہے جبکہ حتمی رپورٹ 15 روز کے اندر مل جائے گی'۔
مزید پڑھیں: وارنر عالمی نمبر ایک بلے باز، بابر ٹاپ10 میں شامل
بابراعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے تیزترین ایک ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا جبکہ عالمی طورپر تیزترین ایک ہزاررنزبنانے کا ریکارڈ برابر کرکے عظیم کھلاڑی ویوین رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹروٹ اور جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن بابراعظم ایک روزہ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر کے بعد سیریز کے دوسرے کامیاب بلے باز رہے۔
آسٹریلیا کے خلاف اسی کارکردگی کے بعد بابراعظم ایک روزہ کرکٹ کی درجہ بندی میں ترقی کرتے ہوئے ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل ہوچکے ہیں اور ان کا نمبر دسواں ہے۔
نوجوان بلے باز نے ایک سنچری کی مدد سے 5 میچوں میں 282 رنز بنائے تاہم ٹیسٹ سیریز میں ان کی کارکردگی ناقص رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سلو اوور ریٹ کے سبب اظہر پر ایک میچ کی پابندی
ٹیم انتظامیہ اب مستقبل میں بابراعظم کو آل راؤنڈر کے طورپر آزمانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے کیونکہ ٹیم کو ایک آف اسپنر کی ضرورت پڑے گی۔
پاکستانی ٹیم آسٹریلیا سے واپسی کے بعد متحدہ عرب امارات میں ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کرے گی جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانہ ہوگی جہاں ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔