Dawn News Television

شائع 06 فروری 2017 05:12pm

'رئیس'غیر موزوں قرار، پاکستان میں ریلیز پر پابندی

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے مداح طویل عرصے سے ان کی پہلی بولی وڈ فلم 'رئیس' کی پاکستان میں ریلیز کا انتظار کررہے ہیں، تاہم اب ان کے لیے ایک بری خبر ہے۔

25 جنوری کو ریلیز کی گئی 'رئیس' دنیا بھر میں اچھا بزنس کررہی ہے، تاہم پاکستانی سنسر بورڈ نے اسے 'غیر موزوں' قرار دے کر پاکستان میں ریلیز کرنے سے انکار کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'رئیس' کے پاکستانی مداحوں کیلئے خوشخبری

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی سنسر بورڈ نے فلم 'رئیس' کو ریلیز کا سرٹیفیکیٹ دینے سے انکار کرتے ہوئے اپنے اعتراضات میں بتایا کہ فلم میں مسلمانوں کے کردار کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے اور فلم کا مکمل موضوع یہی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ہندو مذہب کو اس فلم میں مثبت انداز میں پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ فلم 'رئیس' میں شاہ رخ خان نے رئیس عالم نامی گجراتی گینگسٹر کا کردار ادا کیا جو منشیات کے کاروبار میں ملوث ہے، ماہرہ خان نے اس فلم میں شاہ رخ کی اہلیہ آسیہ کا کردار ادا کیا، جبکہ نوازالدین صدیقی نے پولیس اہلکار مجمودار کا کردار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: طویل عرصے بعد بولی وڈ فلم پاکستان میں ریلیز

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستان میں بولی وڈ فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جسے طویل عرصے بعد حال ہی میں ہٹایا گیا۔

پاکستان میں رواں سال ریلیز ہونے والی پہلی بولی وڈ فلم ہریتھک روشن کی 'قابل' تھی، جس کے بعد 'رئیس' کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا۔

Read Comments