Dawn News Television

شائع 21 فروری 2017 11:48pm

کھانسی سے آرام کے لیے سیرپ فائدہ مند؟

کھانسی خشک ہو یا گیلی، ان کے لیے ایک دوسرے سے مختلف ادویات کا استعمال کرنا پیسوں کے ضیاع سے زیادہ کچھ نہیں۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہیول یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق درحقیقت کھانسیوں کو مختلف کیٹگریز میں تقسیم کرکے ان کی ادویات الگ کرنا صارفین کی جیبوں سے پیسے نکالنے کی حکمت عملی ہے۔

تحقیق کے مطابق ہر قسم کی کھانسی کی وجوہات یکساں ہوتی ہیں اور ان کا علان صرف ایک دوا سے ممکن ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ گیلی یا خشک کھانسی کی اصطلاحات متروک طبی سائنس سے تعلق رکھتی ہیں اور اس حوالے سے گائیڈ لائنز میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ آج کے عہد میں ان اصطلاحات کی گنجائش نہیں کیونکہ ہر طرح کی کھانسی کا علاج ایک دوا سے ممکن ہے اور مختلف ادویات مارکیٹنگ کا طریقہ ہے تاکہ لوگوں کو لوٹا جاسکے۔

اس تحقیق کے دوران مختلف مریضوں کو کھانسی سے بچاﺅ کے لیے ایک سیرپ کا استعمال کرایا گیا اور ان کی شکایت میں کمی کو ریکارڈ کیا گیا۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ پہلی تحقیق ہے جس میں کھانسی کے لیے مختلف اقسام کی ادویات کے استعمال کے خیال کو چیلنج کیا گیا گیا اور پرانے نظریے کو غلط ثابت کیا گیا۔

اس سے قبل کچھ عرصے قبل ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ کھانسی کے سیرپ فائدہ مند اس کے علاج کے لیے زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

یہ نئی تحقیق طبی جریدے جرنل کلینیکل فارمسٹ میں شائع ہوئی۔

Read Comments