Dawn News Television

شائع 09 مارچ 2017 10:07am

تمباکو نوشی کا ایک اور بڑا نقصان سامنے آگیا

تمباکو نوشی کے نتیجے میں پھیپھڑوں کے امراض جیسے کینسر یا دیگر کا خطرہ تو سب کو معلوم ہے مگر یہ عادت بینائی کی کمزوری بلکہ اس کے خاتمے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

یہ انتباہ برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

آئی ہیلتھ یوکے کی تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والے افراد میں بینائی کی کمزوری یا اس سے محرومی کا خطرہ اس عادت سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق سگریٹ میں موجود کیمیکلز آنکھ میں ایسی بائیولوجیکل تبدیلیاں لاتے ہیں جو آنکھوں کے امراض جیسے عمر بڑھنے کے ساتھ نظر کی کمزوری، موتیے اور دیگر کا باعث بنتے ہیں۔

اسی طرح سگریٹ نوشی کے نتیجے میں آنکھ کی صحت متاثر ہوتی ہے اور رنگوں کو دیکھنے کی صلاحیت، پردے میں ورم اور آنکھوں کے خشک ہونے کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ سگریٹ اندھے پن کا باعث بن سکتی ہے مگر اس لت میں مبتلا کروڑوں افراد کو اس کا شعور نہیں اور 10 فیصد سے بھی کم کو یہ احساس ہوتا ہے کہ تمباکو نوشی آنکھوں کی صحت پر اثرانداز ہورہی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی اور پھیپھڑوں کے کینسر کے درمیان 92 فیصد تعلق پایا جاتا ہے جبکہ اس عادت اور امراض قلب کے درمیان تعلق کی شرح 87 فیصد ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر سگریٹ نوش اس عادت سے چھٹکارا پالیں تو وہ آنکھوں کی صحت کو بہتر اور بینائی سے محرومی کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں۔

ان کے بقول سگریٹ نوشی یا محض اس کا دھواں بھی آنکھوں کی صحت پر منفی انداز سے اثرانداز ہوتا ہے۔

(یہ تحقیق طبی جریدے برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئی)

Read Comments