پاکستان

مستونگ: تیز رفتار کوچ الٹنے سے 7 افراد جاں بحق

بدقسمت گاڑی کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی کہ مستونگ میں لک پاس کے قریب تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، لیویز ذرائع

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک تیز رفتار کوچ الٹنے سے 7 مسافر جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق بدقسمت گاڑی کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی کہ مستونگ میں لک پاس کے قریب تیز رفتاری کے باعث گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر اُلٹ گئی، جس کے نتیجے میں کوچ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

حادثے کے زخمیوں کو کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: چاغی میں ٹریفک حادثہ، 7 افراد ہلاک

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فرنٹیئر کورپس (ایف سی) بھی جائے حادثہ پر پہنچی اور پولیس اور لیویز فورس کے ساتھ ریسکیو کے کاموں میں حصہ لیا۔

دوسری جانب شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں 2 ٹریفک حادثات، 7 افراد ہلاک

رواں ماہ 2 اپریل کو بھی پاک-ایران سرحد کے قریب بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے مشخیل میں پک اپ اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔