صحت

زندگی میں کامیاب بنانے والی 5 صلاحیتیں

جذباتی استحکام، عزم، خود پر قابو رکھنا، پرامید اور ایمان داری کامیاب زندگی کی بنیاد ثابت ہونے والی صلاحیتیں ہیں، تحقیق

زندگی میں پانچ چیزیں صحت، دولت اور کامیابی دلانے کا باعث بنتی ہیں۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

لندن کالج یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا کہ جذباتی استحکام، عزم، خود پر قابو رکھنا، پرامید اور ایمان داری کامیاب زندگی کی بنیاد ثابت ہونے والی صلاحیتیں ہیں۔

تحقیق میں بتایا کہ ان پانچ میں سے کم از کم چار میں زیادہ اسکور حاصل کرنے والے افراد عام طور پر زیادہ دولت مند، ذہنی تناﺅ کے کم شکار، صحت مند اور بڑے سماجی حلقے سے جڑے ہوئے ہوتے ہیں۔

اس کے مقابلے میں دو یا اس سے کم صلاحیت رکھنے والے اکثر تنہا، ڈپریشن کے شکار اور ان میں کسی خطرناک مرض کا شکار ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق کئی بار بہت زیادہ ذہین یا اعلیٰ طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد زندگی میں کامیاب نہیں ہوپاتے جس کی وجہ ان میں چند شخصی صلاحیتوں کی کمی ہوتی ہے، جبکہ ایک گمنام شخص اپنی صلاحیتوں سے زندگی میں اپنے مقاصد حاصل کرلیتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ کوئی ایک صلاحیت دوسری سے زیادہ اہم نہیں بلکہ ان کا اجتماع زندگی میں کامیابی، دولت اور صحت کا باعث بنتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران محققین نے گیارہ سال تک 8 ہزار سے زائد درمیانی عمر کے افراد کا جائزہ لیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ صرف تین فیصد افراد ہی ان پانچ شخصی عادات میں زیادہ اسکور حاصل کرپائے ہیں جبکہ 22 فیصد میں یہ صلاحیتیں بہت کم تھیں۔

ایسے افراد میں تنہائی کی شرح بہت زیادہ دیکھنے میں آئی جبکہ باصلاحیت افراد میں کولیسٹرول کی سطح کم اور ذیابیطس یا امراض قلب کا باعث بننے والی علامات کا خطرہ بہت کم نظر آیا۔

ان افراد کا جسمانی وزن بھی کم جبکہ یہ تیز رفتاری سے چلتے ہیں جو کہ عام طور پر لمبی زندگی کی پیشگوئی کرتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ان پانچ صلاحیتوں کو بڑھانا درمیانی عمر میں صحت، کامیابی اور اچھی شخصیت کی کنجی ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ تحقیق جریدے پی این اے ایس میں شائع ہوئی۔