پاکستان

قلعہ عبداللہ: قبائلی جرگے کے دوران فائرنگ،4 ہلاک

ایک ہی قبیلے کے دو مسلح گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ایک ہی قبیلے کے دو مسلح گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق قلعہ عبداللہ کے سب ڈویژن گلستان میں ایک قبائلی تنازع کے تصفیے کے لیے جرگہ جاری تھا کہ جھگڑا شروع ہوگیا اور گولیاں چل گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: خضدار: فائرنگ سے قبائلی رہنما سمیت 5 افراد ہلاک

لیویز حکام کے مطابق جھگڑے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی جبکہ ہلاک ہونے والوں میں قبائلی رہنما حاجی لالہ خان بادی زئی کا بیٹا بھی شامل ہے۔

دیگر قبائلیوں نے زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے کوئٹہ پہنچایا۔

واقعے کے بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والوں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے میں گشت شروع کردیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ مزید کسی تصادم کو روکنے کے لیے سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔