دنیا

سابق کرنل کی گمشدگی، مزید بھارتی کردار سامنے آگئے

کرنل (ر)حبیب کے لیے ایئر ٹکٹ، ہوٹل بکنگ اور لمبینی ائیرپورٹ پر ملاقات کرنے والے تینوں افراد بھارتی شہری نکلے،رپورٹ

نیپال سے لاپتہ ہونے والے لیفٹینینٹ کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کے اغواء کے معاملے میں مزید بھارتی کردار سامنے آگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کرنل (ر)حبیب کے لیے ایئر ٹکٹ، ہوٹل بکنگ اور لمبینی ائیرپورٹ پر ملاقات کرنے والے تینوں افراد بھارتی شہری نکلے۔

رپورٹس کے مطابق سفل چوہدری نامی بھارتی شہری نے کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کیلئے کھٹمنڈو سے ٹکٹ خریدا، سفل چوہدری کا موبائل نمبر 9804815702 ہے جس کے ذریعے وہ کرنل (ر) حبیب کے ساتھ رابطے میں رہا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق کرنل کی گمشدگی:'غیر ملکی ایجنسیوں کا کردار نظرانداز نہیں کیا جاسکتا'

رپورٹ کے مطابق حبیب ظاہر کے لیے ٹکٹ پریشئس ٹریول اینڈ ٹورز کھٹمنڈو سے ٹکٹ خریدا گیا۔

اس کے علاوہ صابو راجورا نامی خاتون نے حیات ریجنسی میں کرنل (ر)حبیب کے لیے بکنگ کرائی، صابو کھٹمنڈو میں ایک کمپنی میں مارکیٹنگ مینجر کے طور پر کام کرتی ہے۔

ڈولی رینچل نامی بھارتی شہری نے لمبینی ایئرپورٹ پر کرنل (ر) حبیب ظاہر ریسیو کیا۔

رپورٹ کے مطابق رینچل نیپال میں مقیم نہیں تھا اور وہ 4 اپریل کو لمبینی پہنچا تھا۔

یاد رہے کہ حبیب ظاہر کی گمشدگی کے معاملے پر دفتر خارجہ پہلے کی کہہ چکا ہے کہ اس میں غیر ملکی خفیہ اینجنسیوں کے ملوث ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) محمد حبیب ظاہر نیپال میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل نیپال میں ’لاپتہ‘

ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرنل حبیب 6 اپریل سے نیپال کے ضلع روپان دیہی میں واقع بدھ مت کے پیروکاروں کے مقدس ترین مقام لمبینی سے لاپتہ ہیں۔

بعد ازاں کرنل (ر) حبیب ظاہر کے بیٹے نے اپنے والد کے اغوا کے پیچھے 'ملک دشمن عناصر' کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں نیپال حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ نیپال حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

خیال رہے کہ یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل حبیب ظاہر کو ملازمت دینے کے لیے جہاز کا ٹکٹ بھیج کر بلایا گیا تھا، جہاں ان کا اپنے اہلخانہ سے آخری مرتبہ رابطہ بھارت کی سرحد کے قریبی علاقے لمبینی سے ہوا تھا۔