Dawn News Television

شائع 23 اپريل 2017 10:52pm

اس غذا کا ایک چمچ متعدد امراض سے بچائے

روزانہ ایک چائے کا چمچ زیتون کے تیل کا استعمال جسم کو ہوائی آلودگی کے نقصان دہ اثرات سے بچانے کے لیے کافی ثابت ہوتا ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔

تحقیق کے دوران رضاکاروں کے تین گروپس بنائے گئے جنھیں مختلف اقسام کا تیل استعمال کرایا گیا تاکہ صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کو جانچا جاسکے۔

واضح رہے کہ ہوائی آلودگی بلڈ پریشر میں اضافے، خون کی شریانوں کے افعال پر منفی اثرات سمیت دل کے امراض کے شکار افراد میں فالج اور ہارٹ اٹیک کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

پہلے گروپ کو مچھلی کے تیل کے کیپسول روزانہ استعمال کرائے گئے، دوسرے گروپ کو دو سے تین چائے کے چمچ زیتون کا تیل جبکہ تیسرے گروپ کو کوئی بھی آئل نہیں دیا گیا۔

ایک ماہ بعد ان رضاکاروں کو فلٹر ہوا اور آلودہ ہوا میں کئی گھنٹے تک رکھا گیا جس کے بعد ان کے دل کی صحت جیسے بلڈ پریشر اور شریانوں کے افعال کو دیکھا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ مچھلی کے تیل کی بجائے زیتون کے تیل نے آلودہ ہوا میں سانس لینے پر جسمانی ردعمل کو بہتر بنایا۔

تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل نے نہ صرف خون کی شریانوں کے افعال کو آلودہ ہوا کے مقابلے میں بہتر بنایا بلکہ خون میں ایک قسم کے پروٹین ٹی پی اے کی سطح کو بھی بڑھائی جو خون کو گاڑھا یا جمنے نہیں دیتا۔

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ خون کا جمنا یا گاڑھا ہونا ہارٹ اٹیک یا فالج کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ زیتون کا تیل کینسر کا خطرہ کم کرنے، بلڈ پریشر کی سطح معمول پر لانے اور جھریوں کے خلاف مزاحمت کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے انوائرمنٹل ہیلتھ پرسیکٹیوز میں شائع ہوئی۔

Read Comments