Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2017 11:56pm

پاکستانی سرحد کے قریب جھڑپ، ایران کے 8 سرحدی محافظ ہلاک

تہران: پاکستان کے صوبے بلوچستان میں سرحد کے قریب مسلح افراد کی ایرانی فورسز سے جھڑپ کے نتیجے میں کم سے کم 8 ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی 'آئی آر آئی بی' نے اپنی ویب سائٹ پر ایک رپورٹ میں کہا کہ پاکستان سے منسلک ایران کے سرحدی علاقے میں مسلح افراد سے جھڑپوں کے نتیجے میں کم سے کم 8 ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں: مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4 ایرانی اہلکار ہلاک

سرکاری ٹی وی نے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم بتایا کہ واقعہ صوبہ سیستان بلوچستان میں پیش آیا۔

خیال رہے کہ جولائی 2016 میں پاکستان کے سرحدی علاقے کے قریب ہونے والی ایک ایسی ہی جھڑپ میں 4 ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہوگئے تھے۔

ایرانی میڈیا نے حکومت کے حوالےسے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والی مسلح تنظیم جیش العدل شامل ہے اور اس تنظیم سے تعلق رکھنے والے جنگجو سیستان بلوچستان میں سرگرم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی فوج کے حملے میں پاکستانی اہلکار ہلاک، تین زخمی

یاد رہے کہ جیش العدل گذشتہ کچھ سالوں سے سیستان اور بلوچستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں متعدد حملے کرچکی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ مذکورہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور منشیات اسمگلروں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں کیونکہ یہ علاقہ افغانستان سے منشیات کی ایران، عرب ممالک اور یورپ میں اسمگلنگ کیلئے اسعتمال ہوتا ہے۔

Read Comments