Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2017 08:24pm

عمر اکمل کا جنید خان پر ٹیم چھوڑ کر جانے کا الزام

پاکستان کپ کے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں جنید خان اور عمر اکمل کے درمیان تنازع کھڑا ہوگیا جہاں پنجاب ٹیم کے کپتان عمر اکمل نے فاسٹ باؤلر پر بغیر بتائے ٹیم چھوڑ کر جانے کا الزام عائد کیا ہے۔

جمعرات کو پاکستان کپ میں پنجاب اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان میچ میں پنجاب کے کپتان ٹاس کیلئے آئے تو انہوں نے ٹیم میں ایک تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جنید خان میچ نہیں کھیل رہے۔

جنید خان کے کھیلنے کی وجہ دریافت کرنے پر عمر اکمل نے انکشاف کیا کہ انہیں خود نہیں پتہ اور جب وہ میدان میں آئے تو پتہ چلا کہ فاسٹ باؤلر میچ کیلئے نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیم مینجمنٹ نے بتایا کہ جنید خان نے کہا کہ وہ آج میچ کھیلنے کیلئے نہیں آئیں گے اور میرے لیے بحیثیت کپتان یہ بہت حیران کن خبر ہے۔

ادھر جنید خان نے عمر کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ بیمار ہیں اور اس بارے میں انہوں نے ٹیم کے ڈاکٹر کو بھی اس بارے میں مطلع کیا تھا۔

’مجھے فوڈ پوائزننگ ہوئی ہے، میں نے ٹیم کے ڈاکٹر اسد اور ٹیم مینجمنٹ کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا اور گزشتہ رات ڈاکٹر میرے ساتھ ہی تھے اور میری دیکھ بھال کر رہے تھے۔

جنید نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر اسد نے بخار اور فوڈ پوائزننگ کے سبب انہیں میچ نہ کھیلنے کو تجویز پیش کرتے ہوئے آرام کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے عمر اکمل کے اس طرح کہنے پر افسوس ہوا کہ میں ٹیم چھوڑ کر بھاگا ہوں اور میں اس بیان پر صدمے کی حالت میں ہوں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی معاملے کا ایکشن لیتے ہوئے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے جس کی سربراہی جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ شفیق احمد کریں گے۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں پنجاب کے کوچ تنویر شوکت اور منیجر اشرت علی شامل ہیں جو جلد از جلد معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ بورڈ کو جمع کرائیں گے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے کہ جب چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا جا چکا ہے اور دونوں کھلاڑی اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل ہیں۔

تاحال اس معاملے پر پی سی بی نے کسی قسم کا ایکشن لینے کا اعلان تو نہیں کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چپقلش سے ایونٹ کے دوران پاکستانی ٹیم کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔

Read Comments