Dawn News Television

اپ ڈیٹ 29 اپريل 2017 10:21am

پیروں کی بو سے نجات بہت آسان

گرمیوں میں ایک مسئلہ جو لگ بھگ ہر فرد خاص طور پر دفاتر اور تعلیمی اداروں کا رخ کرنے والوں کو درپیش ہوتا ہے وہ پیروں کی بو ہے جو کئی بار شرمندگی کا باعث بھی بن جاتی ہے۔

درحقیقت آنے والے دنوں میں گرمی بڑھنے کے ساتھ جیسے جیسے پیروں سے پسینے کے اخراج کی رفتار بڑھے گی یہ مسئلہ بھی بڑھتا چلا جائے گا۔

تو اگر آپ کو بھی اس مسئلے کا سامنا ہے تو پیروں پر چھڑکنے کے لیے مہنگے اسپرے کی بجائے سستے اور قدرتی صفائی کے ان طریقوں کو آزما کر دیکھیں جو آپ کے پیروں کو اس موسم گرما میں بدبو سے بچانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

نہانا

کیا آپ نہانے کے دوران اپنے پیروں کو دھونے کی کوشش کرتے ہیں؟ اور اگر ایسا کرتے ہیں تو انگلیوں کے درمیان صابن کو رگڑتے ہیں؟ اگر نہیں تو ہوسکتا ہے کہ یہی پیروں کی بو کا باعث ہو، جو وہاں بیکٹریا کے جمع ہونے کے نتیجے میں خارج ہونے لگتی ہے، لہذا اپنے پیروں پر نہانے کے دوران خاص توجہ مرکوز کریں، اس سے آپ شرمندہ کردینے والی بو سے نجات پاسکتے ہیں۔

پیروں کو خشک رکھیں

یہ بہت ضروری ہے کہ آپ کے پیر خشک ہوں، خاص طور پر نہانے کے بعد پیروں کو قدرتی طور پر خشک کرنے کی بجائے انہیں تولیے سے خشک کریں، علاوہ ازیں ٹالکم پاﺅڈر کو اپنے پیروں کی انگلیوں پر ڈالیں جس سے آپ خود کو تازہ دم محسوس کریں گے جبکہ ان کے اندر بیکٹریا کی افزائش کی بھی روک تھام ہوگی۔

پیروں اور جوتوں کو سانس لینے کا موقع دیں

اگر آپ سینڈل اور ہوائی چپل پہننے کے عادی نہیں تو اس موسم گرما میں ان کا استعمال ضرور کریں کیونکہ اس سے آپ کے پیروں کو سانس لینے کا موقع ملے گا اور بیکٹریا کی افزائش کا امکان کم ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ اگر آپ پھر بھی بند جوتے استعمال کرتے ہوں تو دن کے اختتام پر انہیں باہر کھلی ہوا میں رکھیں تاکہ بو پیدا ہونے کا امکان نہ ہو۔

جرابوں کو روزانہ بدلیں

روزانہ نئی جرابوں کا استعمال بدبو دار پیروں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مددگار ثابت ہوسکتا ہے جس کی وجہ جرابوں میں پسینے کا جذب ہوجانا ہے جو قدرتی طور پر آپ کے پیروں سے خارج ہوتا ہے۔

نمک میں پیر ڈبونا

اپنے پیروں کو گھر میں تیار ہونے والے محلول میں ڈبونے کے لیے تیار ہوجائیں، ایک بالٹی لیں اور اس کو پانی سے بھر دیں، پانی کے ہر دو پنٹ (ایک پنٹ لگ بھگ ڈیڑھ پاﺅ کا ہوتا ہے) کے بعد 2 چمچ پسا ہوا نمک اس میں شامل کردیں۔ اس کے بعد آرام سے بیٹھ کر اپنے پیروں کو دس سے پندرہ منٹ تک پانی میں ڈبو کر رکھیں اور پھر فائدہ دیکھیں۔

Read Comments