پاکستان

پی پی پی رہنما فیصل صالح حیات کار حادثے میں زخمی

فیصل آباد کے نزدیک پیش آنے والے حادثے میں فیصل صالح حیات کا ڈرائیور شدید زخمی ہوا، جس کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

فیصل آباد-گوجرہ موٹروے پر سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما فیصل صالح حیات کی گاڑی اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی رہنما اور ان کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔

ٹریفک حادثہ گذشتہ رات اُس وقت پیش آیا جب فیصل صالح حیات جھنگ کے لیے روانہ تھے کہ امین پور بنگلہ کے نزدیک ان کی لینڈ کروزر ٹرالر سے جا ٹکرائی۔

حادثے کے بعد موٹر وے پولیس نے فیصل صالح حیات اور ان کے ڈرائیور کو فوری طور پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں پیپلزپارٹی رہنما کا ہاتھ فریکچر ہوگیا اور سر پر چوٹیں آئیں تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

حادثے میں فیصل صالح حیات کا ڈرائیور شدید زخمی ہوا، جس کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر 2002 میں انتخاب لڑنے والے فیصل صالح حیات نے تقریباً 14 سال بعد رواں سال جنوری میں دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل انہوں نے پی پی پی پیٹریاٹس کے نام سے اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کیا جس کے بعد وہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کا حصہ بھی رہے۔

وزیراعظم شوکت عزیز کے دور میں فیصل صالح حیات وفاقی کابینہ کے اہم رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔