’گزرے پل‘: نور بخاری کی ہدایات میں بنی میوزک ویڈیو
پاکستانی اداکارہ نور نے فلم ’عشق پوزیٹو‘ کے ساتھ فلموں میں ڈائریکشن کے آغاز کے بعد اب اپنے کیریئر کو میوزک ویڈیوز کی پروڈکشن کی جانب موڑ دیا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے گلوکار حبیب رحمٰن کے ساتھ مل کر ان کے گانے ’گزرے پل‘ کی میوزک ویڈیو لانچ کی۔
اس میوزک ویڈیو کے حوالے سے نور بخاری کا کہنا تھا، ’مجھے اس پروجیکٹ کا حصہ بننے کی آفر موصول ہوئی اور میں نے سوچا کہ کیوں نہیں، مجھے ہمیشہ نئی چیزیں کرنے میں مزہ آتا ہے، یہ میرے لیے ایک نیا تجربہ ہے‘۔
خیال رہے کہ اداکارہ نور ’مجھے چاند چاہیے‘، زلے شاہ‘ نامی فلموں اور ’میرے انگنے میں‘ اور ’پھر تنہا‘ نامی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔
فلم ’عشق پوزیٹو‘ کے بعد یہ دوسرا پروجیکٹ ہے جس کی انہوں نے ہدایات دیں۔
نور بخاری کے مطابق ’مجھے لگتا ہے کہ اداکار اچھے ہدایت کار بھی ہوتے ہیں اور لولی وڈ، بولی وڈ اور ہولی وڈ میں ایسا بہت زیادہ دیکھنے کو ملتا ہے، ایسے کئی اداکار موجود ہیں جو ہدایت کار بن گئے اور کامیاب ہوئے‘۔
اداکار نے یہ بھی بتایا کہ وہ بہت جلد ایک نئی فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی۔