پاکستان

بلوچستان: فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا

ایف سی اور حساس اداروں نے ضلع چاغی میں مشترکہ کارروائی کے دوران خودکش جیکٹ سمیت بڑی تعداد میں گولہ بارود برآمد کیا۔

صوبہ بلوچستان کے افغانستان سرحد سے منسلک علاقے چاغی میں فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے ضلع چاغی میں مشترکہ کارروائی کے دوران خودکش جیکٹ سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔

سیکیورٹی حکام نے ڈان نیوز کو بتایا کہ برآمد کیے گئے ہتھیاروں میں خودکش جیکٹس، بارودی سرنگیں اور راکٹ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مذکورہ اسلحہ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: ایف سی کی کارروائی، 81 مشتبہ افراد گرفتار

سیکیورٹی افسر نے دعویٰ کیا کہ 'دہشت گرد پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبے کو نشانہ بنانا چاہتے تھے'۔

انھوں نے بتایا کہ ایف سی اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور دہشت گردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنادیا، ان کا مزید کہنا تھاکہ یہ اسلحہ افغانستان کے سرحدی علاقوں سے اسمگل کیا گیا تھا۔

فورسز کی کارروائی کے بعد برآمد ہونے والے گولہ بارود اور بم کو ناکارہ بنانے کیلئے بم ڈسپوزل اسکارڈ (بی ڈی ایس) کو طلب کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: رد الفساد: فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک،آئی ایس پی آر

اس کے علاوہ ایک علیحدہ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے ایک کمپاؤنڈ سے 35 مارٹر شیل برآمد کیے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسلحہ فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔